انگلش پریمیئر لیگ: مانچسٹر سٹی کو چیلسی کے ہاتھوں شکست، لیورپول نے پہلی بار ٹائٹل جیت لیا

،تصویر کا ذریعہPA Media
برطانیہ کے فٹ بال کلب لیورپول کا انگلش پریمیئر لیگ جیتنے کا خواب اس وقت پورا ہوا جب چیلسی اور مانچسٹر سٹی کے درمیان ہونے والے میچ میں مانچسٹر سٹی کو 2-1 سے شکست ہوگئی۔
لیورپول کو اب بھی سات میچ کھیلنے ہیں لیکن وہ اپنے پوائنٹس کے باعث ٹائٹل اپنے نام کر چکے ہیں۔
جورگن کلوپ کی ٹیم کو لیگ ٹائٹل اپنے نام کرنے کے لیے ایک فتح درکار تھی مگر 25 جون کو مانچسٹر سٹی کی شکست کا مطلب ہے کہ اب لیورپول کو نہیں ہرایا جا سکتا۔
یہ اس کلب کی 19 ویں ٹائٹل فتح ہے اور 1989-1990 کے بعد سے اب تک کی پہلی ٹائٹل فتح ہے۔
انگلش پریمیئر لیگ کی یہ ان کی پہلی ٹائٹل فتح ہے۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
لیورپول کے مینیجر جورگن کلوپ نے سکائی سپورٹس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'یہ ناقابلِ یقین ہے۔ یہ اس سے کہیں زیادہ ہے جس کا میں نے تصور کیا تھا۔'
'یہ میرے کھلاڑیوں کی حیرت انگیز کامیابی ہے اور مجھے ان کی کوچنگ کرنے پر خوشی ہے۔'

،تصویر کا ذریعہPA Media

،تصویر کا ذریعہAFP
لیورپول شہر کے میئر کی جانب سے کورونا وائرس کے باعث لوگوں کو گھروں پر رہنے کی اپیل کے باوجود ہزاروں مداح اینفیلڈ میں جشن منانے کے لیے جمع ہوئے۔
جمعرات کے میچ کے نتائج سامنے آنے کے ایک گھنٹے بعد ہی دو ہزار کے قریب مداح اینفیلڈ میں واقع کلب کے گراؤنڈ میں جمع ہوگئے۔ کئی لوگوں نے چہروں پر ماسک پہن رکھے تھے۔
چیلسی اور مانچسٹر سٹی کے درمیان میچ دیکھنے کے بعد لیورپول کے کئی کھلاڑیوں بشمول گول کیپر ایلیسنٹ، ڈیفینڈر ورجل وین ڈائیک، اور مڈفیلڈر ایلکس چیمبرلین نے بھی ساتھ جشن منایا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
جورگن کلوپ کی ٹیم نے پریمیئر لیگ کی تاریخ کی سب سے یادگار کارکردگیوں میں سے ایک کا مظاہرہ کیا ہے۔ وہ اب تک 86 پوائنٹ حاصل کر چکے ہیں اور 31 میں سے 28 میچوں میں فتح حاصل کر چکے ہیں۔
انھیں صرف ایک میچ میں شکست ہوئی جبکہ دو میچ کسی فیصلے کے بغیر ختم ہوئے۔
رواں سیزن میں ان کا پلڑا اس حد تک بھاری ہے کہ ایک مرحلے پر وہ پوائنٹس ٹیبل پر دوسری ٹیم سے 25 پوائنٹس تک آگے تھے، جو پریمیئر لیگ کی تاریخ میں پہلے اور دوسرے نمبر پر موجود ٹیموں کے پوائنٹس کے درمیان فرق کا ایک ریکارڈ ہے۔










