#PakvsBan: پاکستان کی بنگلہ دیش پر ایک اننگز اور 44 رنز سے فتح

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان نے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن بنگلہ دیش کو ایک اننگز اور 44 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل کر لی ہے۔
راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں دوسری اننگز میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم پیر کی صبح پہلے سیشن میں 168 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
دوسری اننگز میں پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ اور نسیم شاہ چار، چار وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔
پیر کو جب راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیل شروع ہوا تو بنگلہ دیش کے بلے بازوں نے 126 رنز کے سکور سے اننگز دوبارہ شروع کی تاہم مجموعی سکور میں صرف چار رنز کے اضافے کے بعد کپتان مومن الحق شاہین آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیے
انھوں نے 41 رنز کی اننگز کھیلی۔ بنگلہ دیش کی آٹھویں وکٹ 156 کے سکور پر گری جب محمد عباس نے روبیل حسین کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ وہ پانچ رن ہی بنا سکے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
لٹن داس نے کچھ مزاحمت کا مظاہرہ کیا اور سکور 168 تک پہنچا دیا تاہم اس موقع پر وہ بھی یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ بنگلہ دیش کے آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز ابوجید تھے جو تین رنز بنانے کے بعد یاسر شاہ کی چوتھی وکٹ بنے۔
نسیم شاہ کی ہیٹ ٹرک
دوسری اننگز میں بنگلہ دیش کی ٹیم کی ناکامی میں اہم کردار پاکستان کے 16 سالہ فاسٹ بولر نسیم شاہ کا بھی رہا جنھوں نے راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے دن ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے سب سے کم عمر بولر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
نسیم نے بنگلہ دیش کے نجم الحسین، تیج الاسلام اور محمود اللہ کو لگاتار تین گیندوں پر آؤٹ کر کے یہ ہیٹ ٹرک مکمل کی۔
اس سے قبل پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں بابر اعظم اور شان مسعود کی سینچریوں اور اسد شفیق اور حارث سہیل کی نصف سینچریوں کی بدولت 445 رنز بنائے تھے اور اسے پہلی اننگز میں بنگلہ دیش پر 212 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
میچ کے پہلے دن پاکستانی بولرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کی ٹیم کو پہلی اننگز میں 82.5 اوورز میں 233 رنز پر آل آؤٹ کر دیا تھا۔
بنگلہ دیش کی طرف سے سب سے بہتر کھیل محمد متھن نے پیش کیا جنھوں نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 63 رنز بنائے جبکہ پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بالر شاہین شاہ آفریدی رہے جنھوں نے 21.5 اوورز میں 53 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔
ان کے علاوہ محمد عباس اور حارث سہیل نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ نسیم شاہ نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ پاکستان کی لیگ سپنر یاسر شاہ کوئی وکٹ لینے میں کامیاب نہیں ہو سکے تھے۔
بنگلہ دیش کی ٹیم تمیم اقبال، سیف حسن، نجم الحسین، مومن الحق، محمد مٹھن، محمد اللہ، لٹن داس، تاج السلام، روبیل حسین، ابو جاید اور عبادت حسین پر مشتمل ہے جبکہ پاکستانی ٹیم میں شان مسعود، عابد علی، اظہر علی (کپتان)، بابر اعظم، اسد شفیق، حارث سہیل، محمد رضوان، یاسر شاہ، محمد عباس، شاہین آفریدی اور نسم شاہ پر مشتمل ہے۔












