بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے سٹیون سمتھ کو پریمیئر لیگ کھیلنے سے روک دیا

،تصویر کا ذریعہGetty Images
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے سابق آسٹریلوی کپتان سٹیون سمتھ کو بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کی بعض فرنچائز کے اعتراضات کے بعد بی پی ایل کھیلنے سے روک دیا۔
خیال رہے کہ سٹیون سمتھ نے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے تیسرے میچ میں بال ٹیمپرنگ کی تھی جس کے بعد انٹرنشینل کرکٹ کونسل نے ان پر انٹرنیشنل کرکٹ اور ڈومیسٹک لیگ کھیلنے پر ایک سال کی پابندی عائد کردی تھی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بی پی ایل کی بعض فرنچائز کی جانب سے اعتراضات اٹھانے کے بعد بنگلہ دیش بورڈ نے فیصلہ کیا کہ پانچ جنوری سے شروع ہونے والی پریمیئر لیگ میں سٹیون سمتھ کی شمولیت پر پابندی ہو گی۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سٹیون سمتھ نے جنوری کے وسط میں طے شدہ معاہدے کے مطابق بی پی ایل کے دوسرے مرحلے میں پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی جگہ شمولیت اختیار کرنی تھی۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیف نظام الدین چوہدری نے بتایا 'ٹورنامنٹ کا قانون ہے کہ اگر ایک فرنچائز متبادل کھلاڑی لیتی ہے تو اس کا نام ابتدائی کھلاڑیوں میں شامل ہوتا ہے لیکن سٹیون سمتھ کا نام شامل نہیں تھا۔‘
انھوں نے کہا کہ بعض فرنچائز نے اعتراضات اٹھائے اس لیے ہمیں سٹیون سمتھ کو بی پی ایل میں کھیلنے سے روکنا پڑا۔
خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق آسٹریلیا کے کھلاڑی کیمرون بینکروفٹ نے اعتراف کیا تھا کہ وہ جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے دوران بال ٹیمپرنگ کر رہے تھے جبکہ سٹیون سمتھ کا کہنا تھا کہ وہ کیمرون کے ارادے کے بارے میں پہلے سے جانتے تھے۔
جنوبی افریقہ کے خلاف جاری تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوران بال ٹیمپرنگ سکینڈل کے بعد سٹیو سمتھ اس میچ کے لیے کپتانی سے اور ڈیوڈ وارنر نائب کپتانی سے دستبردار ہو گئے تھے۔
مذکورہ معاملہ منظر عام پر آنے کے بعد آسٹریلیا کے وزیراعظم نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس معاملے میں ملوث کھلاڑوں کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا تھا۔









