بینکروفٹ نے پہلے بال ٹیمپرنگ کی، بعد میں امپائر سے جھوٹ بولا اور پھر گھبراہٹ میں پکڑے گئے

بینکروفٹ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنبینکروفٹ کو امپائروں نے بلایا تو انھوں نے جیب سے عینک صاف کرنے والا کپڑا نکال کر دکھا دیا

آسٹریلیا کے کرکٹر کیمرون بینکروفٹ جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں بال ٹیمپرنگ کرتے ہوئے کیمروں کی نظروں سے بچ جاتے اگر وہ گھبراہٹ میں ٹیمپرنگ کے لیے استعمال ہونے والی ٹیپ کو چھپانے کے لیے اسے اپنے انڈرویئر میں نہ ڈالتے۔

اس میچ کو براڈکاسٹ کرنے والے چینل سپر سپورٹس کے پروڈکشن کے سربراہ ایلن نائیکر وہ شخص ہیں جن کی وجہ سے کرکٹ کی تاریخ کا یہ بڑا سکینڈل پکڑا گیا۔

انھوں نے آسٹریلیوی اخبار سڈنی مارننگ ہیرلڈ کو بتایا کہ ’ہم نے شروع میں دیکھا کہ کیمرون بینکروفٹ کے ہاتھ میں کچھ ہے اور اسے انھوں نے بعد میں جیب میں رکھا لیکن ہمیں یہ نہیں معلوم نہیں تھا کہ وہ کیا چیز ہے۔

اس بارے میں مزید پڑھیے

’لیکن جب بینکروفٹ نے گھبرا کر اسے اپنے انڈرویئر میں چھپانے کی کوشش کی تو اس وقت ہمیں پیلے رنگ کی ٹیپ دکھائی دی۔‘

جب سٹیڈیم میں نصب ٹی وی سکرین پر کیمرون بینکروفٹ کی جیب میں کسی چیز کی موجودگی کی فوٹیج نشر کی گئی تو امپائروں نے انھیں اپنے پاس بلایا اور اس کے بارے میں پوچھا تو بینکروفٹ نے جیب سے ایک کپڑا نکال کر دکھا دیا جو دھوپ کی عینک صاف کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔

بینکروفٹ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنبینکروفٹ نے پیلے رنگ کی ٹیپ انڈرویئر کے اندر چھپانے کی کوشش کی

اس پر امپائر مطمئن ہو گئے تاہم اس کے کچھ ہی دیر بعد جب بینکروفٹ نے جیب سے کوئی چیز نکال کر انڈرویئر میں ڈالی کو پروڈکشن ٹیم کو شک ہوا اور انھوں نے زوم کر کے یہ منظر سکرین پر دکھا دیا۔

ایلن نائیکر کے خیال میں بینکروفٹ کے پاس اس وقت بھی پیلے رنگ کی ٹیپ جیب میں موجود تھی اور انھوں نے امپائروں کو صرف کپڑا دکھایا تاکہ بعد میں پیلی ٹیپ کو ٹھکانے لگا دیا جائے۔

ایلن نائیکر نے مزید بتایا کہ وہ بالخصوص بینکروفٹ پر کیمرے کی مدد سے نظر نہیں رکھے ہوئے تھے بلکہ براڈ کاسٹروں کا طریقۂ کار ہوتا ہے جس کے تحت گیند پر کیمرا رکھا جاتا ہے، چاہے وہ کسی بھی کھلاڑی کے پاس ہو، چاہے اس وقت کھیل میں استعمال نہ بھی ہو رہی ہو۔

اس وقت ان کے پاس گراؤنڈ میں 30 کیمرے تھے۔

آسٹریلیا کے کھلاڑی کیمرون بینکروفٹ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنآسٹریلیا کے کھلاڑی کیمرون بینکروفٹ نے پریس کانفرنس میں بال ٹیمپرنگ کا اعتراف کیا

انھوں نے بتایا کہ ہمارے کیمرا مین نے بڑی ہوشیاری سے ڈریسنگ روم میں بیٹھے کوچنگ سٹاف کو فوکس کیا اور وہاں کوچ ڈیرن لیمین واکی ٹاکی پر گراؤنڈ میں موجود کھلاڑی پیٹر ہینڈزکوم سے بات کرتے نظر آئے اور وہ بھاگتے ہوئے بینکروفٹ کے پاس گئے اور اس سے بات کی، اس کے بعد وہ گھبرا گئے۔

نائیکر نے کہا کہ یہ پالیسی ہر ٹیسٹ میچ میں ہوتی ہے اور ایسا نہیں تھا کہ ہم صرف آسٹریلیوی ٹیم کا پیچھا کر رہے تھے اور اگر کوئی جنوبی افریقی کھلاڑی بھی ہوتا تو ہم ہر صورت میں فوٹیج کو نشر کرتے۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا کے کھلاڑی کیمرون بینکروفٹ نے اعتراف کیا ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے دوران وہ بال ٹیمپرنگ کر رہے تھے اور ان کے کپتان سٹیون سمتھ کا کہنا ہے کہ وہ کیمرون کے ارادے کے بارے میں پہلے سے جانتے تھے۔

اس اعتراف کے بعد انٹرنشینل کرکٹ کونسل نے آسٹریلوی کپتان سٹیو سمتھ پر ایک میچ کی پابندی لگا دی ہے۔