وہاب ریاض کا ٹیسٹ کرکٹ نہ کھیلنے کا فیصلہ

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر وہاب ریاض نے غیر معینہ مدت تک کے لیے ٹیسٹ کرکٹ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ وہ طویل دورانیے کی کرکٹ سے بریک لے کر اپنی تمام تر توجہ محدود اووروں کی کرکٹ پر مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔
وہاب ریاض نے فرسٹ کلاس کرکٹ بھی نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں انھوں نے ہفتے کے روز سے شروع ہونے والی قائد اعظم ٹرافی سے بھی دستبرداری کا اعلان کیا ہے۔
وہاب ریاض نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ انھوں نے اپنے بیان میں یہ بات تسلیم کی ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ انھیں اس بات پر قائل کرنے کی کوشش کرتا رہا کہ وہ ٹیسٹ اور فرسٹ کلاس کرکٹ جاری رکھیں لیکن وہ بورڈ کے شکر گزار ہیں کہ اس نے ان کی بات سمجھی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ انھوں نے ٹیسٹ کرکٹ نہ کھیلنے کا فیصلہ اس طرز کی کرکٹ میں اپنی حالیہ کارکردگی اور آنے والے دنوں میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کو دیکھتے ہوئے کیا ہے۔
وہاب ریاض کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ اس دوران اپنی فٹنس کا جائزہ لیتے رہیں گے کہ اگر وہ طویل دورانیے کی کرکٹ میں اچھی کارکردگی دکھا سکتے ہیں تو وہ اپنی دستیابی ظاہر کردیں گے۔
یاد رہے کہ وہاب ریاض اس سال دوسرے پاکستانی فاسٹ بولر ہیں جنھوں نے خود کو ٹیسٹ کرکٹ سے دور کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان سے قبل محمد عامر جولائی میں ٹیسٹ کرکٹ نہ کھیلنے کا فیصلہ کر چکے ہیں تاہم محمد عامر نے باقاعدہ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
34 سالہ وہاب ریاض اس سال انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے گذشتہ ماہ جن 19 کرکٹروں کو سینٹرل کنٹریکٹ دینے کا اعلان کیا ان میں وہاب ریاض کو بی کیٹگری میں شامل کیا گیا تھا۔
وہاب ریاض نے 27 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 83 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں تاہم گذشتہ دو برسوں کے دوران وہ صرف چار ٹیسٹ میچ کھیل پائے ہیں۔ انھوں نے اپنا آخری ٹیسٹ گذشتہ سال اکتوبر میں آسٹریلیا کے خلاف دبئی میں کھیلا تھا لیکن دونوں اننگز میں وہ ایک بھی وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے تھے۔
گذشتہ سال پاکستانی ٹیم کے جنوبی افریقہ کے دورے میں کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز میں پاکستانی فاسٹ بولنگ سکواڈ شاہین شاہ آفریدی، محمد عامر، محمد عباس، حسن علی اور فہیم اشرف پر مشتمل تھی۔








