پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ: ’ہو سکتا ہے کہ بدھ کو نیوزی لینڈ کا برا دن ہو‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ایجبسٹن
کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے 33 ویں میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں بدھ کو ایجبسٹن میں مدِ مقابل ہوں گی اور سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں برقرار رکھنے کے لیے پاکستانی ٹیم کے لیے یہ میچ جیتنا بہت ضروری ہے۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ اظہر محمود کو امید ہے کہ آج کا دن نیوزی لینڈ کا برا دن ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’کسی بھی ٹیم کا ایک دن برا ضرور ہوتا ہے اور نیوزی لینڈ کی ٹیم کا برا دن بدھ (آج) کو ہو سکتا ہے۔‘۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ کی ٹیم ابھی تک چھ میں سے پانچ میچ جیت کر 11 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرِفہرست ہے۔
ٹورنامنٹ کی دوسری ناقابل شکست ٹیم انڈیا کے خلاف ان کا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہو گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
اظہر محمود یہ تسلیم کرتے ہیں کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم بہت ہی مضبوط ہے اور اس کے پاس میچ ونر کھلاڑی موجود ہیں لیکن ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم اگر کھیل کے تمام شعبوں میں نظم و ضبط کا مظاہرہ کرے تو وہ کامیابی حاصل کر سکتی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے امید ظاہر کی کہ کسی بھی ٹورنامنٹ میں لگاتار اچھی کارکردگی دکھانے والی ہر ٹیم کا ایک برا دن ضرور آتا ہے اور ہو سکتا ہے نیوزی لینڈ کی ٹیم کا برا دن بدھ (آج) ہو۔
ان کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کی تاریخ ہے کہ وہ لگاتار میچ جیتنے کے بعد کوارٹر فائنل یا سیمی فائنل میں پہنچ کر ہار جاتی ہے۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم ورلڈ کپ کی تاریخ میں ایک فائنل اور چھ سیمی فائنلز کھیل چکی ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
اظہر محمود نے مزید کہا کہ وہ فی الحال ایک وقت میں ایک میچ پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں اور انھیں معلوم ہے کہ پاکستانی ٹیم کے لیے اب تینوں میچ جیتنا ضروری ہیں جس کے بعد ہی پتا چلے گا کہ پاکستانی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ سکتی ہے یا نہیں؟
ان کے خیال میں پاکستانی بولرز کے لیے ضروری ہو گا کہ وہ نئی گیند کے ساتھ ابتدا میں ہی وکٹیں حاصل کریں جبکہ بیٹنگ میں ٹاپ آرڈر بلے بازوں کو ذمہ داری دکھانی ہو گی۔
اظہرمحمود نے شاہین شاہ آفریدی کی جگہ محمد حسنین کو کھلائے جانے کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی نے گذشتہ میچ میں اچھی بولنگ کی ہے تاہم میچ میں چار فاسٹ بولرز کھلانے کا فیصلہ میچ کی صبح وکٹ دیکھ کر کیا جائے گا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستانی ٹیم کی فیلڈنگ کے بارے میں اظہر محمود کا کہنا ہے کہ گراؤنڈ فیلڈنگ اچھی ہے لیکن 13 کیچ ڈراپ ہوئے ہیں تاہم اگر انگلینڈ کی ٹیم کو بھی دیکھیں تو اس نے بھی اس ٹورنامنٹ میں اب تک دس کیچز گرائے ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ یہ کسی بھی ٹیم کے ساتھ ہو سکتا ہے، یہ کھیل کا حصہ ہے اور اس میں اہم بات یہ ہے کہ کھلاڑی کیچ ڈراپ کرنے کے بعد اگلے کیچ کے لیے خود کو کتنا تیار رکھتا ہے اور وہ کتنا پراعتماد رہتا ہے۔











