پاکستانی ٹیم کی واپسی بہت شاندار رہی ہے: کوہلی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی کا کہنا ہے کہ چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستانی ٹیم نے جس طرح سے واپسی کی ہے وہ بہت ہی 'شاندار' رہی ہے۔
سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کی ٹیم کو شکست دینے کے بعد پاکستان کے ساتھ فائنل میں جگہ بنانے کے بعد وراٹ کوہلی نے یہ بات کہی۔
جمعرات کو انڈیا نے بنگلہ دیش کو بڑی آسانی سے نو وکٹوں سے شکست دی۔
انڈیا اور پاکستان اپنے افتتاحی میچ میں ایک دوسرے سے مد مقابل ہوئے تھے جس میں دفاعی چیمپیئن انڈیا نے پاکستان کو شکست دی تھی۔ لیکن سیمی فائنل مقابلے میں پاکستان نے میزبان انگلینڈ کو شکست دے کر سبھی کو حیرت میں ڈال دیا۔

،تصویر کا ذریعہReuters
کوہلی نے کہا: 'انھوں نے ان ٹیموں کو شکست دی جو حقیقت میں ان سے زیادہ مضبوط دکھ رہی تھیں۔ لیکن جس طرح انھوں نے بطور ایک ٹیم میدان میں کھیلا اس سے ان کا اعتماد ظاہر ہوتا ہے۔'
وراٹ کوہلی نے کہا: انھوں (پاکستان) نے چیزوں کو بڑی خوبی سے اپنے حق میں کیا ہے۔'
انڈیا سے اپنے پہلے ہی میچ میں ہارنے کے بعد پاکستان نے اوّل نمبر کی ٹیم جنوبی افریقہ کو اور پھر سری لنکا کو شکست دی تھی۔ بعد میں سیمی فائنل مقابلے میں اس نے انگلینڈ کے خلاف آٹھ وکٹوں سے شاندار جیت حاصل کی تھی۔

،تصویر کا ذریعہAFP
انڈیا اور پاکستان کے درمیان کرکٹ میچوں کو سب سے زیادہ دیکھا اور سرہا جاتا ہے، کھیل کی دنیا میں یہ میچ بہت بڑی تعداد میں شائقین کو پیدا کرتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
لیکن دونوں ٹیمیں اس سے پہلے کبھی بھی 50 اوور کے عالمی سطح کے کسی مقابلے میں مد مقابل نہیں ہوئی ہیں۔
انڈین کپتان وراٹ کوہلی کا کہنا تھا: 'فائنل میں جس کے ساتھ بھی مقابلہ ہو ہمیشہ ہی ایک چیلنج ہوتا کیونکہ جب آپ یہ سوچنے لگتے ہیں کہ یہ ایک بڑی گیم ہے، تو پھر آپ کی ذہنیت بدلتی ہے۔'
ان کا مزید کہنا تھا: 'ہم ان کی طاقت اور کمزوریوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے اسی طرح کی کرکٹ دوبارہ کھیلنے کی کوشش کریں گے جو ہم نے اب تک کھیلی ہے۔'












