ڈامینیک بریزیل: 'پھر کبھی باکسنگ گلوز نہیں پہنے گا'

باکسر

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشندونوں باکسرز کے درمیان بیانات کی جنگ اس وقت سنگین ہوگئی جب گزشتہ ہفتے وائلڈر نے یہ کہا کہ وہ اپنے باکسنگ ریکاڈ میں ایک موت اپنے نام کرنا چاہتے ہیں۔

امریکی باکسر ڈومینیک بریزیل نے کہا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ان کے حریف ڈیونٹے وائلڈر پھر کبھی باکسنگ گلوز نہ پہن سکیں۔

ڈبلیو بی سی ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپیئن ڈیونٹے وائلڈر آج 18 مئی کو اپنے ہم وطن باکسر ڈومینیک بریزیل کے ساتھ ٹائٹل میچ کھلیں گے۔

33 سالہ بریزیل نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'میں ڈیونٹے وائلڈر کا ریٹائرمنٹ پلان ہوں۔ میں اسے اتنے برے طریقے سے ماروں گا کہ وہ خود دوبارہ کبھی باکسنگ گلوز نہیں پہنے گا۔ جب میں اسے ہرا دوں گا تو اس کے ذہن سے باکسنگ کا بھوت ہمیشہ کے لیے اتر جائے گا'۔

دونوں باکسرز کے درمیان بیانات کی جنگ اس وقت سنگین ہوگئی جب گزشتہ ہفتے وائلڈر نے یہ کہا کہ وہ اپنے باکسنگ ریکاڈ میں ایک موت اپنے نام کرنا چاہتے ہیں۔

وائلڈر نے مزید کہا تھا کہ 'یہ وہ واحد کھیل ہے جہاں آپ کسی کی جان لے سکتے ہیں اور آپ کو اس کے پیسے ملیں گے۔ جب یہ قانون کے دائرے میں ہے تو میں اپنا حق کیوں نہیں استعمال کرسکتا؟'۔

ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپیئن ڈیئونٹے وائلڈر کے اس بیان کے بعد ان پر باکسنگ کے سابق چیمپیئنز اور ماہرین نے کڑی تنقید کی تھی۔

جبکہ باکسنگ کے نگرں ادارے ورلڈ باکسنگ کونسل نے انھیں اس بیان کے بعد پیشی کے لیے طلب کرلیا ہے۔

ورلڈ باکسنگ کاؤنسل کے صدر موریشیو سلیمان نے کہا ہے کہ اس طرح کے بیانات افسوس ناک ہیں اور ڈبلیو بی سی کے کردار اور اخلاقیات کی عکاسی نہیں کرتے۔

باسکنگ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنبریزیل کو گزشتہ برس برطانوی یونیفائڈ چیمپیئن اینتھونی جوشوا نے شکست دی تھی

نیو یارک کے بارکلیز سینٹر میں ہونے والی اس فائٹ میں وائلڈر، جنھوں نے ابھی تک شکست کا سامنا نہیں کیا، اپنا بیالیسواں میچ کھیلیں گے۔ انھوں نے اب تک 40 میچوں میں فتح حاصل کی ہے جبکہ گزشتہ برس برطانوی باکسر ٹائسن فیوری کے ساتھ ان کا میچ برابری پ ختم ہوا۔ تاہم بہت سے باکسنگ پنڈٹوں کا کہنا ہے کہ اس میچ میں ذہنی طور پر فیوری زیادہ مضبوط نظر آئے اور تنیکی لحاظ سے بھی وہ وائلڈر سے آگے تھے۔

دوسری طرف وائلڈر کے حریف بریزیل 21 میچ کھیل کر اب تک صرف ایک میچ ہارے ہیں۔ انھیں گزشتہ برس برطانوی یونیفائڈ چیمپیئن اینتھونی جوشوا نے شکست دی تھی۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے سابق مڈل ویٹ چیمپیئن جارج گروز نے کہا کہ بریزیل، وائلڈر کے باکسنگ کیریر کا شاید سب سے سخت مقابلہ نہ ہو لیکن یہ بات یاد رکھنی ہوگی کہ اس نے صرف ایک میچ ہارا ہے۔ وائلڈر کو ہر وقت چوکس رہنا ہوگا۔'