’میں باکسنگ چھوڑ سکتا ہوں‘

،تصویر کا ذریعہAP
عالمی ہیوی ویٹ باکسنگ چیمپیئن ٹائیسن فیوری نے کہا ہے کہ انھوں نے ابھی تک ولادی میر کلیچکو کے ساتھ دوبارہ مقابلہ کرنے کا نہیں سوچا ہے اور وہ باکسنگ چھوڑ سکتے ہیں۔
ٹائیسن فیوری نے ولادی میر کلیچکو کو نومبر میں ڈبلیو بی اے، آئی بی ایف اور ڈبلیو بی او ٹائیٹلز میں اپ سیٹ شکست دی تھی اور وہ مئی یا جون میں کلیچکو کے خلاف دوبارہ مقابلہ کریں گے۔
27 سالہ برطانوی باکسر نے بی بی سی ریڈیو فائیو لائیو کو بتایا ’ میں دوبارہ متحرک ہونے کے لیے جدوجہد کر رہا ہوں۔‘
انھوں نے کہا ’یہ بات کہ میں صرف پیسے کےلیے باکسنگ کروں، میں نے یہ سوچا بھی نہیں کہ میں کبھی کھیل کو پیسوں پر ترجیح دوں۔‘
فیوری نے کہا کہ وہ اپنی فیملی کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گذارنا چاہتے ہیں اور میں زیادہ بیلٹس جیتنے پر دلچسپی نہیں رکھتے۔
برطانوی باکسر کا کہنا تھا ’باکسنگ کے بعد بھی ایک زندگی ہے، میں یہ نہیں جانتا کہ ابھی مجھے کیا کرنا ہے اور میں نے کلیچکو کے خلاف ہونے والے ری میچ کے بارے میں سوچا بھی نہیں۔‘
انھوں نے مزید کہا ’میں نے ابھی تک ٹریننگ بھی شروع نہیں کی تاہم میں جاکنگ اور ویٹ لفٹنگ کر رہا ہوں۔‘
فیوری نے کہا کہ جرمنی میں ہونے والے ایک مقابلے میں ان کی جیت ان کے کریئر کی اہم فتح تھی۔ اگر میں مزید 50 مقابلے بھی جیت لوں تو اس جیت کا کوئی مقابلہ نہیں ہے۔



