بنگلہ دیشی کرکٹ شائقین کی شکایت: 'یہ پاکستان کی کِٹ ہے جس پر بنگلہ دیش لکھا ہے'

،تصویر کا ذریعہGetty Images
بنگلہ دیش نے کہا ہے کہ انھوں نے اس ماہ انگلینڈ میں کھیلے جانے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے اپنی ٹیم کی جرسی مداحوں کی شکایات کے بعد تبدیل کردی ہے۔
سوشل میڈیا پر مداحوں نے کرکٹ بورڈ سے شکایت کی تھی کہ بنگلادیش کی جرسی پاکستان کرکٹ ٹیم کی جرسی سے ملتی ہے اور یہ کہ بنگلہ دیش کے جھنڈے کا رنگ ہرا اور لال ہے نہ کہ ہرا اور سفید۔
بنگلہ دیش نے تبدیلی سے پہلے جو جرسی ریلیز کی تھی وہ ہرے اور سفید رنگ کی تھی۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ترجمان جلال یونس نے کہا کہ جرسی تبدیل کرنے سے پہلے جو ڈیزائن آئی سی سی کو بھیجا گیا تھا وہ لال اور ہرا ہی تھا تاہم آئی سی سی نے انھیں ہدایت کی کہ تشہیری پیچیدگیوں کی وجہ سے وہ ٹیم کا نام لال سے بدل کر سفید رنگ میں لکھیں۔ اس لیے جرسی کو ہرا اور سفید کردیا گیا۔
جلال یونس نے کہا کہ مداحوں کے اصرار کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے دوبارہ جرسی کے رنگ بدلنے کی درخواست کی جو آئی سی سی نے مظور کر لی۔
سوشل میڈیا پر لوگوں نے کٹ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
ایک صارف نے لکھا کہ 'یہ پاکستان کی کٹ ہے جس پر بنگلہ دیش لکھا گیا ہے'۔

،تصویر کا ذریعہTwitter
جبکہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سابق صدر صابر حوسین چوہدری نے کہا کہ 'لال اور ہرا ہمارے قومی رنگ ہیں اور یہ ہمیشہ سے ہماری جرسی میں نظر آئے ہیں۔ افسوس کی بات ہے کہ اس بار ایسا نہیں ہوا۔'
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایک مداح نے لکھا کہ 'کیا یہ مشرقی پاکستان کی کِٹ ہے؟'

،تصویر کا ذریعہTwitter
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے مداحوں کی جانب سے شدید تنقید کے بعد کٹ کا رنگ بدل کر ہرا اور لال کر دیا ہے۔
ٹیم بدھ کو انگلینڈ روانہ ہوئی ہے اور ورلڈ کپ میں ان کا پہلا میچ دو جون کو اوول میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہوگا۔ لیکن اس سے پہلے بنگالی ٹیم پانچ سے 17 مئی کے درمیان آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے ساتھ ایک تین روزہ ٹورنامنٹ کھیلے گی۔








