پی ایس ایل فور: لاہور میں ہونے والے تینوں میچز کراچی منتقل کر دیے گئے

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دبئی
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ فور کے لاہور میں ہونے والے تینوں میچز اب کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ اس طرح اب پاکستان سپر لیگ کے پاکستان میں ہونے والے تمام آٹھ میچز، کراچی میں کھیلے جائیں گے۔
لاہور سے کراچی ان میچوں کی منتقلی کا سبب، لاہور کے فلائٹ آپریشنز کا مکمل طور پر شروع نہ ہونا بتایا گیا ہے۔ حکام کے مطابق کم وقت میں لاجسٹکس کے چیلنجر ہوسکتے تھے، لہذا یہ میچز کراچی منتقل کر دئیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین احسان مانی نے چند روز قبل دبئی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران پاکستان سپر لیگ کے پاکستان میں ہونے والے تمام میچز طے شدہ پروگرام کے تحت کرانے کا اعلان کیا تھا تاہم انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ کسی بھی تبدیل شدہ غیرمعمولی صورتحال کے پیش نظر پروگرام کو ازسرنو ترتیب دیا جاسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستان سپر لیگ کے تین میچز لاہور میں کھیلے جانے تھے جن میں نو مارچ کو لاہور قلندرز بمقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ، دس مارچ کو لاہور قلندرز بمقابلہ ملتان سلطانز اور بارہ مارچ کو تیسرے اور چوتھے نمبر کی ٹیموں کے درمیان ایلیمنیٹر شامل ہے تاہم اب ان میچوں کی تاریخوں کو ازسرنو ترتیب دیا گیا ہے۔
کراچی کو پہلے پانچ میچز دیئے گئے تھے لیکن اب نیشنل سٹیڈیم آٹھ میچوں کی میزبانی کرے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پی ایس ایل کا فائنل سترہ مارچ کو کھیلا جائے گا۔

،تصویر کا ذریعہAFP
پی سی بی نے ایک پریس ریلیز کے ذریعے بتایا ہے کہ لاہور کے تمام میچوں کے لیے، لیے گئے ٹکٹوں کو ان کی قیمت کے مطابق واپس کر دیا جائے گا۔
پریس ریلیز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کراچی میں ہونے والے میچوں کے شیڈول میں معمولی ترمیم کے ساتھ، موجودہ ٹکٹ ہولڈرز اور اضافی میچوں کے ٹکٹوں کی خریداری کے لیے مزید تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔
پاکستان سپر لیگ کا ازسرنو ترتیب دیا گیا پروگرام
نو مارچ۔ لاہور قلندرز بمقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ
دس مارچ۔ کراچی کنگز بمقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز
گیارہ مارچ۔ لاہور قلندرز بمقابلہ ملتان سلطانز۔ کراچی کنگز بمقابلہ پشاور زلمی
تیرہ مارچ۔ پہلے اور دوسرے نمبر کی ٹیموں کے درمیان کوالیفائر
چودہ مارچ۔ تیسرے اور چوتھے نمبر کی ٹیموں کے درمیان ایلیمنیٹر ون
پندرہ مارچ۔ ایلیمنیٹر ٹو
سترہ مارچ ۔ فائنل








