جوہانسبرگ: جنوبی افریقہ کی 212 رنز کی برتری اور 5 کھلاڑی آؤٹ

،تصویر کا ذریعہGetty Images
جنوبی افریقہ نے اپنی دوسری اننگز میں پاکستان پر 212 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے جبکہ اس کے پانچ کھلاڑی آوٹ ہو چکے ہیں۔
جوہانسبرگ میں کھیلے جانے والے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستان کی ٹیم 185 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز میں 262 رنز بنائے تھے۔
دوسرے دن کے اختتام پر جنوبی افریقہ کی طرف سے آملہ 42 اور ڈی کاک 34 رنز پر کھیل رہے تھے۔
پاکستان کی پہلی اننگز میں کپتان سرفراز احمد نے 50 جبکہ بابر اعظم نے 49 رنز بنائے۔
مہمان ٹیم کی جانب سے امام الحق اور نائٹ واچ مین محمد عباس نے دوسرے دن کے کھیل کا آغاز کیا تھا۔
میچ کے دوسرے دن پاکستان کی تیسری وکٹ اس وقت گری جب 53 رنز کے مجموعی سکور پر نائٹ واچ مین محمد عباس اولیویئر کی گيند پر ڈی براين کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مہمان ٹیم کو چوتھی وکٹ کے لیے زیادہ انتظار نہ کرنا پڑا اور اگلی ہی گیند پر اسد شفیق بغیر کوئی سکور کیے پویلین لوٹ گئے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
اس سے قبل میچ کے پہلے دن جنوبی افریقہ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اس کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 262 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے اوپنر مارکرام نے سب سے زیادہ 90 رنز بنائے جبکہ دیگر بلے بازوں میں بروئن 49، ہاشم آملہ 41 اور زبیر حمزہ بھی 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے تین، محمد عامر، محمد عباس اور حسن علی نے دو، دو جبکہ شاداب خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
خیال رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقہ کو 2-0 سے ناقابل شکست برتری حاصل ہے اور اب اس کی نظریں سیریز میں کلین سویپ کرنے پر ہیں۔
سینچورین میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے چھ وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی جبکہ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو نو وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی تھی۔
ٹیسٹ سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ اور تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔











