پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ: جنوبی افریقہ کے 262 رنز کے جواب میں پاکستان کا ناقص آغاز، دو کھلاڑی آؤٹ

،تصویر کا ذریعہAFP
جوہانسبرگ میں کھیلے جانے والے تین کرکٹ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کے کھیل کا اختتام ہو گیا ہے جبکہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 17 رنز بنائے تھے۔
جمعے کو جب پہلے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو پاکستان کی جانب سے امام الحق اور نائٹ واچ مین محمد عباس کریز پر موجود تھے جبکہ اسے میزبان ٹیم کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 245 رنز درکار ہیں۔
پاکستان کے پہلے آؤٹ ہونے والے بلے باز شان مسعود تھے جب ان کے فوراً بعد ہی اظہر علی بھی پہلی ہی گیند پر سلپ میں کیچ دے بیٹھے۔ ان دونوں بلے بازوں کو فیلینڈر نے آؤٹ کیا۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اس کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 262 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے اوپنر مارکرام نے سب سے زیادہ 90 رنز بنائے جبکہ دیگر بلے بازوں میں بروئن 49، ہاشم آملہ 41 اور زبیر حمزہ بھی 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف تین، محمد عامر، محمد عباس اور حسن علی دو، دو وکٹیں لے سکے جبکہ شاداب خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
فاف ڈو پلیسی کی عدم موجودگی میں جنوبی افریقہ کی ٹیم کی کپتانی کے فرائض نبھانے والے ڈین ایلگر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو انھیں ابتدا میں ہی نقصان اٹھانا پڑا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
محمد عباس نے اپنے پہلے ہی اوور میں ایلگر کی وکٹ حاصل کر لی۔ وہ صرف پانچ رنز بنا سکے۔
آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی ایڈن مارکرام نے 16 چوکوں کی مدد سے 90 رنز بنائے اور ابتدائی نقصان کے بعد انھوں نے ہاشم آملہ کے ساتھ 100 سے زائد رنز کی شراکت قائم کی تھی۔ وہ فہیم اشرف کی گیند پر کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
ہاشم آملہ اپنی نصف سنچری مکمل نہ کر سکے اور 41 رنز پر شاداب خان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ اسی طرح تھیونس بروئن 49 رنز بنا کر محمد عباس کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوئے۔
اس کے بعد محمد عامر نے بھوما اور زبیر حمزہ کو یکے بعد دیگرے آؤٹ کر کے پاکستان کی پوزیشن قدرے مستحکم کر دی۔
آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی فلینڈر تھے جو کہ ایک رن بنا کر حسن علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ کے ربادا بھی حسن علی کی گیند پر صفر پر آؤٹ ہوگئے۔
کوئنٹن ڈی کوک 18 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی ڈی اولیور تھے جو کوئی سکور نہ بنا سکے۔
پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے تین، محمد عامر، محمد عباس، اور حسن علی نے دو دو جبکہ شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
تیسرے ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستان کی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ فخر زمان، یاسر شاہ اور شاہین شاہ آفریدی کی جگہ شاداب خان، فہیم اشرف اور حسن علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
جبکہ جنوبی افریقہ فاف ڈو پلیسی کی جگہ زبیر حمزہ کو ان کا پہلا ٹیسٹ میچ کھلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ کے بارے میں مزید پڑھیں!

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان کی ٹیم: امام الحق، شان مسعود، اظہر علی، اسد شفیق، بابر اعظم، سرفراز احمد، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد عامر، محمد عباس اور حسن علی۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم: ڈین ایلگر (کپتان)، ایڈین مارکرام، ہاشم آملہ، تھئونس ڈی بریون، ٹیمبا بووما، زبیر حمزہ، کوئنٹن ڈی کاک، ورنن فلینڈر، کاگیسو ربادہ، ڈیل سٹین اور ڈوئن اولیویئر۔
خیال رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقہ کو 2-0 سے ناقابل شکست برتری حاصل ہے اور اب اس کی نظریں سیریز میں کلین سویپ کرنے پر ہیں۔
سینچورین میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے چھ وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی جبکہ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو نو وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی تھی۔
ٹیسٹ سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ اور تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔











