ابوظہبی: پاکستان کی نیوزی لینڈ کے خلاف چھ وکٹوں سے جیت

،تصویر کا ذریعہAFP
ابوظہبی میں جاری تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کی ٹیم کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کو مقررہ پچاس اوورز میں 210 رنز کا ہدف دیا جو پاکستان نے چار وکٹوں کے نقصان پر 41ویں اوور میں حاصل کر لیا۔
اگرچہ پاکستان کی وکٹیں وقتاً فوقتاً گرتی رہیں لیکن پاکستانی بلےہازوں نے میچ پر گرفت بنائے رکھی۔ میچ کے آخری مراحل میں چوتھی وکٹ اس وقت گری جب سرفراز احمد 13 رنز بنا کر سودھی کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شعیب ملک تھے جو فرگوسن کی گیند پر 10 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
اس سے پہلے پہلی وکٹ اس وقت گری جب 29ویں اوور میں فخر زمان 88 رنز بنا کر فرگوسن کی گیند پر کیچ آوٹ ہو گئے۔ اس کے فوراً بعد ہی اوور کی آخری گیند پر بابر اعظم 46 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا۔ تاہم 12ویں اوور کی پہلی گیند پر فرگسن کی ایک گیند امام الحق کے ہیلمٹ پر جا لگی اور وہ زمین پر گر گئے۔ میدان میں موجود طبی عملے نے ان کی مدد تو کی مگر وہ جب اٹھ کر کھڑے ہوئے تو وہ اپنا بیلنس مکمل طور پر نہیں رکھ سکے اور انھیں سکینز کے لیے ہسپتال لے جایا گیا ہے۔
نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنائے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے چار، حسن علی نے دو جبکہ شاداب خان اور محمد حفیظ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

امام الحق کے ٹیسٹ

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ پاکستانی اوپنر امام الحق کو ہیلمٹ پر گیند لگنے کے بعد ہسپتال احتیاطاً ٹیسٹ کرانے کے لیے لے جایا گیا ہے۔
نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر لوکی فرگوسن کی گیند امام الحق کے ہیلمٹ پر لگی۔ لوکی کی گیند تیزی سے اٹھی اور امام الحق نے پُل شاٹ کھیلنے کی کوشش کی لیکن گیند ہیلمٹ پر آ کر لگی۔
کرک انفو کے مطابق گیند لگنے کے فوری بعد امام الحق نے بیٹ ہاتھ سے چھوڑا اور ہیلمٹ کو پکڑا اور ساتھ ہی وہ زمین پر لیٹ گئے۔ اگرچہ وہ کچھ دیر زمین پر آنکھیں بند کر کے لیٹے رہے لیکن وہ ہوش میں تھے۔
گراؤنڈ ہی میں ڈاکٹر نے ان کا معائنہ کیا اور جب وھ کھڑے بھی ہوئے تو ان کو سیدھا کھڑے ہونے میں مشکل پیش آ رہی تھی۔
پی سی بی نے تصدیق کی کہ ایمبولینس میں ہسپتال جاتے وقت بھی امام الحق ہوش میں تھے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے روس ٹیلر 86 رنز کے ساتھ نمایاں رہے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کولن منرو اور جارج وورکر نے اننگز کا آغاز کیا۔
پاکستان کو پہلی کامیابی دوسرے ہی اوور میں مل گئی جب شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کولن منرو 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، محمد حفیظ نے ان کا ایک خوبصورت کیچ لیا۔
کین ولیمسن صرف ایک رن بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ وہ اس لحاظ سے بدقسمت رہے کہ جارج ووکر کی سیدھی شاٹ پر گیند بولر شاہین شاہ آفریدی کی انگلیوں سے چھو کر وکٹوں سے ٹکرا گئی، اس وقت ولیمسن نان سٹرائکر اینڈ پر اپنی کریز سے باہر تھے۔
ابتدائی نقصان کے بعد وورکر اور روس ٹیلر کے درمیان 46 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ جارج وورکر کو محمد حفیظ نے 28 کے انفرادی سکور پر بولڈ کیا۔

،تصویر کا ذریعہAFP
شاہین شاہ آفریدی نے ٹام لیتھم کو ایک سکور پر یارکر پر بولڈ کر کے پاکستان کو چوتھی کامیابی دلائی۔
اس کے بعد ہینری نکولس اور روس ٹیلر کے درمیان 75 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ حسن علی نے نکولس کو 33 کے انفرادی سکور پر بولڈ کیا تو اس وقت نیوزی لینڈ کا مجموعی سکور 148 تھا۔
اس کے فوراً بعد ہی شاداب خان نے ڈی گرینڈہوم کو تین کے سکور پر آؤٹ کر دیا۔

،تصویر کا ذریعہAFP
177 کے مجموعی سکور پر ٹم ساؤدی شاہین شاہ آفریدی کی تیسری وکٹ بنے۔ ایش سودھی کو بھی شاہین شاہ آفریدی نے بولڈ کیا، انھوں نے 13 رنز بنائے۔
ٹرینٹ بولٹ کو حسن علی نے آخری اوور میں بولڈ کیا تھا۔
نیوزی لینڈ نے وہی ٹیم میدان میں اتاری ہے جس نے پہلا ایک روزہ میچ کھیلا تھا۔ پاکستان کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور جنید خان کی جگہ فہیم اشرف کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
جنید خان پاؤں کا انگوٹھا زخمی ہونے کے باعث اس سیریز کے مزید میچ بھی نہیں کھیل سکیں گے۔
خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کو تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
بدھ کو ابوظہبی میں کھیلے جانے والے پہلے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ کی ہیٹ ٹرک کی وجہ سے پاکستان 47 رنز سے شکست ہوئی تھی۔
نیوزی لینڈکے 267 رنز کے ہدف کے جواب میں پاکستان کی ساری ٹیم 47.2 اوورز میں 219 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی تین ٹی 20 میچوں کی سیریز میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کوکلین سویپ کیا تھا۔











