بابر اعظم نے کوہلی کا ریکارڈ توڑ دیا، پاکستان کا نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز میں وائٹ واش

پاکستان کرکٹ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

دبئی میں کھیلے جانے والے آخری ٹی 20 کرکٹ میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 47 رنز سے شکست دے کر تین ٹی 20 میچوں کی سیریز تین صفر سے جیت لی ہے۔

اتوار کو کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کی پہلی وکٹ 29 رنز پر گری جب فخر زمان 11 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

تاہم بعد میں بابر اعظم اور محمد حفیظ کی عمدہ بیٹنگ کے نتیجے میں پاکستان حریف ٹیم کو مشکل ہدف دینے میں کامیاب ہوا۔

پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے جس میں بابر اعظم نے 79 اور محمد حفیظ نے 53 رنز بنائے۔

اس بارے میں مزید پڑھیے

بابر اعظم نے اس میچ میں ٹی ٹوئنٹی کریئر کے نہ صرف ایک ہزار رنز بھی مکمل کیے بلکہ اس فارمیٹ میں کم سے کم میچوں میں ایک ہزار رنز مکمل کرنے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا اور یہ ریکارڈ اس سے پہلے انڈیا کے کرکٹر کوہلی کے پاس تھا۔

بابر اعظم نے 26 میچوں میں ایک ہزار رنز مکمل کیے جبکہ وراٹ کوہلی نے 27 میچوں میں 1000 رنز مکمل کیے۔

167 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کو اننگز کے شروع میں ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور 13 کے مجموعی سکور پر اس کے دو کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔

نیوزی لینڈ کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں جس میں ولیمسن 60 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے لیکن وہ ٹیم کو فتح کے قریب نہیں لے جا سکے اور ساری ٹیم 16.5 اوورز میں 119 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

بابر اعظم

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنبابر اعظم نے 26 میچوں میں ایک ہزار رنز مکمل کر کے نیا ریکارڈ قائم کیا

پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے تین، عماد ویسم اور وقاص مقصود نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

خیال رہے کہ وقاص مقصود نے ڈبلیو کیا تھا اور پاکستان نے دوسرے میچ میں کھیلنے والی ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں جس میں شاہین آفریدی اور حسن علی کی جگہ عثمان شنواری اور وقاص کو موقع دیا گیا۔

بدھ کو ابو ظہبی میں کھیلے گئے پہلے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو دو رنز سے شکست دے کر ٹی 20 میچوں میں مسلسل ساتویں فتح اپنے نام کی تھی اور وسرے ٹی 20 کرکٹ میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر تین ٹی 20 میچوں کی سیریز اپنے نام کر لی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں سر فہرست ہے۔ پاکستان نے حال ہی میں آسٹریلیا کو ٹی 20 سیریز میں تین صفر سے شکست دی تھی۔