ابوظہبی: دوسرے دن کا اختتام، پاکستان 281 رنز آگے

کرکٹ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنچائے کے وقفے تک پاکستان کی برتری 188 رنز تک پہنچ گئی تھی

ابوظہبی میں کھیلے جانے والے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کے اختتام پر پاکستان کی آسٹریلیا پر 281 رنز کی سبقت ہو چکی ہے اور آٹھ وکٹیں ہاتھ میں ہیں۔

پاکستان نے دو وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز کے ساتھ دن ختم کیا اور کریز پر اظہر علی اور حارث سہیل موجود تھے جنھوں نے تیسری وکٹ کے لیے 38 رنز کی شراکت جوڑی۔

اظہر علی نے اپنی خراب فارم کے باوجود ثابت قدمی دکھائی اور اپنی نصف سنچری مکمل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے فخر زمان نے پہلی اننگز کے بعد دوسری اننگز میں بھی نصف سنچری مکمل کر لی لیکن وہ ایک بار پھر اس کو سنچری میں مکمل نہ کر سکے اور 66 رنز پر نیتھن لائن کی گیند پر انھی کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کے آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز محمد حفیظ تھے جو مچل سٹارک کی گیند پر چھ کے انفرادی سکور پر کیچ دے بیٹھے۔

کرکٹ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنبلال آصف نے پاکستان کو چھٹی کامیابی ایرون فنچ کو آؤٹ کر کے دلائی۔ وہ 39 رنز بنا کر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

بدھ کو آسٹریلیا نے 20 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر پہلی اننگز دوبارہ شروع کی تو میچ کے دوسرے دن آسٹریلیا کے آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز شان مارش تھے جو صرف تین رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر سلپ میں حارث سہیل کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔

عباس نے ہی پاکستان کو چوتھی کامیابی دلوائی جب انھوں نے مارش کی جگہ آنے والے ٹریوس ہیڈ کو اسد شفیق کے ہاتھوں کیچ کروا دیا۔ انھوں نے 14 رنز بنائے۔

یاسر شاہ نے مچل مارش کو آؤٹ کر کے اننگز میں پہلی اور پاکستان کے لیے پانچویں وکٹ لی۔ مارش سلپ میں کیچ ہوئے۔

بلال آصف نے پاکستان کو چھٹی کامیابی ایرون فنچ کو آؤٹ کر کے دلائی۔ وہ فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

بلال نے ہی ٹم پین کو بھی آؤٹ کیا۔ پاکستان کو ساتویں وکٹ لبوشان کی ملی جو رن آؤٹ ہوئے۔

اس بارے میں مزید پڑھیے

نیتھن لائن بلال آصف کی تیسری وکٹ بنے جبکہ محمد عباس نے مچ سٹارک کو ایل بی ڈبلیو کر کے آسٹریلیا کی دسویں اور اننگز میں اپنی پانچویں وکٹ لی۔

آسٹریلیا کی جانب سے پہلی اننگز میں ایرون فنچ 39 اور نویں نمبر پر بلے بازی کے لیے آنے والے سٹارک 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ چھ کھلاڑیوں کا سکور دہرے ہندسوں میں بھی داخل نہیں ہو سکا۔

پاکستان

،تصویر کا ذریعہPcb

،تصویر کا کیپشنمحمد عباس نے اپنے کیرئیر میں تیسری دفعہ اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کیں

پاکستان کی جانب سے محمد عباس پانچ وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ ان کے علاوہ سپنر بلال آصف نے تین جبکہ یاسر شاہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

منگل کو شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی کپتان سرفراز احمد کا ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ اس وقت مہنگا ثابت ہوا تھا جب پہلے ہی سیشن میں پاکستان کی نصف ٹیم پویلین لوٹ گئی۔

تاہم دوسرے سیشن میں فخر زمان اور کپتان سرفراز احمد کی محتاط بلے بازی کی بدولت پاکستانی ٹیم مشکل صورتحال سے کچھ حد تک نکلنے میں کامیاب ہوئی تھی۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان یہ ٹیسٹ سیریز دو میچوں پر مشتمل ہے۔ دبئی میں کھیلا جانے والے پہلا ٹیسٹ سنسنی خیز مقابلے کے بعد برابری پر ختم ہو گیا تھا۔