آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
پاکستانی کرکٹر احمد شہزاد مثبت ڈوپ ٹیسٹ پر معطل
پاکستان کرکٹ بورڈ نے مثبت ڈوپ ٹیسٹ پر کرکٹر احمد شہزاد کو معطل کرتے ہوئے انہیں نوٹس بھیج دیا ہے جس میں انہیں جواب دینے کے لیے کہا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہ نہیں بتایا کہ احمد شہزاد نے کونسی ممنوعہ شے کا استعمال کیا تھا۔
یاد رہے کہ اس سال اپریل میں پاکستان کپ ایکروزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوران احمد شہزاد کا ڈوپ ٹیسٹ لیا گیا تھا۔
نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے گذشتہ ماہ یہ اعلان کیا تھا کہ ایک کرکٹر کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آیا ہے لیکن اس کرکٹر کے نام کا اعلان تمام قانونی تقاضے پورے کیے جانے کے بعد کیا جائے گا۔
احمد شہزاد کے بارے میں مزید پڑھیے
پاکستان کرکٹ بورڈ نے منگل کے روز پہلی بار اس بات کی باضابطہ طور پر تصدیق کی کہ جس کرکٹر کے مثبت ڈوپ ٹیسٹ کے بارے میں بتایا گیا تھا وہ احمد شہزاد ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پاکستان کرکٹ بورڈ نے احمد شہزاد کے ڈوپ ٹیسٹ کا نمونہ انڈین لیبارٹری بھیجا تھا جو واڈا سے منظور شدہ ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس ٹیسٹ کی رپورٹ کی مزید تصدیق کے لیے پاکستانی حکومت کی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کی خدمات بھی حاصل کی تھیں جس کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اس کی رپورٹ منگل کو موصول ہوئی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے نوٹس ملنے کے بعد احمد شہزاد عارضی معطلی کی وجہ سے قومی اور بین الاقوامی سطح پر کسی بھی طرح کی کرکٹ نہیں کھیل سکتے۔
احمد شہزاد کے پاس یہ گنجائش موجود ہے کہ وہ اپنے ڈوپ ٹیسٹ کے بی سمپل کے تجزیے کی درخواست 18 جولائی تک کرسکتے ہیں یا پھر 27جولائی تک وہ اینٹی ڈوپنگ ٹریبونل کے سامنے پیش ہونے کے لیے کہہ سکتے ہیں۔