افغانستان کو اپنے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے ہی دن انڈیا کے ہاتھوں شکست

کرکٹ

،تصویر کا ذریعہTWITTER/BCCI

،تصویر کا کیپشنافغانستان کی پوری ٹیم ایک ہی دن میں دو بار آؤٹ ہوگئی

بنگلور میں افغانستان اور انڈیا کے درمیان کھیلے جانے والے واحد ٹیسٹ میچ میں افغانستان کو ایک اننگز اور 262 رنز سے شکست ہو گئی ہے۔

آئی سی سی ٹیسٹ سٹیس ملنے کے بعد یہ افغانستان کا پہلا ٹیسٹ میچ ہے۔

انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی پہلی اننگز میں 474 رنز بنائے۔ جواب میں افغانستان کی پوری ٹیم ایک ہی دن میں دو بار آؤٹ ہوگئی۔

جمعے کو میچ کے دوسرے دن کھیل کے آغاز سے قبل افغان ٹیم نے روایتی لباس پہنے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی۔

افغان ٹیم

،تصویر کا ذریعہTWITTER/BCCI

،تصویر کا کیپشنجمعے کو میچ کے دوسرے دن کھیل کے آغاز سے قبل افغان ٹیم نے روایتی لباس پہنے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی

تاہم بعد میں جب کھیل کا آغاز ہوا اور افغانستان کی بیٹنگ شروع ہوئی تو اس کی پہلی اننگز 109 اور دوسری اننگز 103 رنز پر سمٹ گئی۔

افغانستان کی جانب سے کوئی بھی بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہا۔ انڈیا کی جانب سے رویندرا جدیجہ نے میچ میں چھ جبکہ ایشون نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل انڈیا نے اپنی پہلی اننگز میں جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 474 رنز بنائے، جس میں دونوں اوپنرز مرلی وجے اور شکھر دھون کی سنچریاں شامل تھیں۔

انڈیا

،تصویر کا ذریعہTWITTER/BCCI

،تصویر کا کیپشنافغانستان کی جانب سے کوئی بھی بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہا

مرلی وجے 105 اور شکھر دھون 107 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اور دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت 168 رنز بنائے۔

ان کے بعد آنے والے بلے بازوں میں ہردک پانڈیا 74، کے ایل راہل 54، بجارا 35 جبکہ کپتان اجنکیے ریحانے صرف دس رنز بنا سکے۔