شاہد آفریدی: ’میں خوش قسمت ہوں کہ ہوم آف کرکٹ میں میرے کیریئر کا اختتام ہوا‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
لندن کے تاریخی میدان لارڈز میں کھیلے گئے ایک ٹی 20 بین الاقوامی کرکٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے آئی سی سی ورلڈ الیون کو 72 رنز سے شکست دے دی ہے۔
ورلڈ الیون کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی تو ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔
اس کے جواب میں ورلڈ الیون کی پوری ٹیم 17ویں اوور میں 127 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
میچ کے اختتام پر ورلڈ الیون کے کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ ’میں خوش قسمت ہوں کہ ہوم آف کرکٹ میں میرے کیریئر کا اختتام ہوا، اینڈی فلاور اور تمام افراد کا شکریہ جنھوں نے مجھے یہ موقع فراہم کیا۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اپنا آخری بین الاقوامی کرکٹ میچ کھیلنے والے شاہد آفریدی نے اس موقع پر اپنی تنظیم کی جانب سے 20 ہزار ڈالر امداد کا اعلان بھی کیا۔
خیال رہے کہ ورلڈ الیون اور ویسٹ انڈیز کے درمیان اس خیراتی میچ کا مقصد گذشتہ سال 2017 میں جزائر غرب الہند میں ارما اور مریا نامی سمندری طوفانوں سے کرکٹ سٹیڈیمز کو پہنچنے والے نقصانات کی تعمیر و مرمت کے لیے چندہ جمع کرنا تھا۔
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
X پوسٹ کا اختتام

،تصویر کا ذریعہGetty Images
200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ورلڈ الیون کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور صرف آٹھ کے مجموعی سکور پر اس کے چار بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے۔
تمیم اقبال دو، رونکی اور کارتک صفر اور بلنگز چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
تھسارا پریرا کے علاوہ کوئی بھی بلے باز ویسٹ انڈین بولروں کا سامنا نہیں کر سکا۔ پریرا نے 61 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ دیگر بلے بازوں میں شعیب ملک 12، شاہد آفریدی 11، راشد خان نو اور مک لینیگن دس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے ولیمز نے تین، بدری اور آندرے رسل نے دو، دو اور پال اور بریتھویٹ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی جانب سے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے کرس گیل اور لیوئس نے اپنی ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا اور اس کی پہلی وکٹ 75 کے سکور پر گری جب شعیب ملک نے 58 کے انفرادی سکور پر ایون لیوئس کو بولڈ کر دیا۔
کرس گیل صرف 18 رنز بنا سکے، انھیں راشد خان نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔
فلیچر صرف سات رنز بنا کر شاہد آفریدی کی گیند پر سٹمپڈ ہوئے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ویسٹ انڈیز کے مڈل آرڈر بلے بازوں نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ سیمیئولز صرف 22 گیندوں پر 43 رنز بنا کر راشد خان کی دوسری وکٹ بنے۔
جبکہ رام دین نے 25 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 44 رنز بنائے اور آندرے رسل دس گیندوں پر 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
ورلڈ الیون کی جانب سے راشد خان نے دو جبکہ شاہد آفریدی اور شعیب ملک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔








