آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
لاہوری ہوں اس لیے لاہور قلندرز کی حمایت کروں گا: پاکستانی ٹینس پلیئر اعصام الحق
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، شارجہ
پاکستانی ٹینس کھلاڑی اعصام الحق دبئی اوپن میں مصروف ہونے کے باوجود پاکستان سپرلیگ سے بھی لطف اندوز ہورہے ہیں۔
اعصام الحق نے بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں حصہ لینے والی تمام ٹیمیں پاکستانی ہیں لیکن چونکہ وہ خود لاہوری ہیں لہذا وہ لاہور قلندرز کی حمایت کررہے ہیں۔
گو کہ لاہور قلندرز کی ٹیم ابھی تک قابل ذکر کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے لیکن انہیں امید ہے کہ اگلے میچوں میں وہ اپنے پرستاروں کو مایوس نہیں کرے گی۔
اعصام الحق نے کہا کہ وہ نیوزی لینڈ کے برینڈن میک کلم کے مداح ہیں جنہوں نے اپنے ملک کے لیے نمایاں کارکردگی کامظاہرہ کیا ہے اور وہ ایک ورلڈ کلاس بیٹسمین اور قائدانہ صلاحیتوں کے مالک ہیں۔
اعصام الحق کا کہنا ہے کہ انہوں نے پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب اسٹیڈیم جاکر دیکھی۔ انھیں عابدہ پروین اور دیگر فنکاروں کی پرفارمنس نے بہت متاثر کیا اس کے علاوہ انہوں نے لیگ کے کچھ میچز بھی دیکھے جس کے بعد وہ دبئی اوپن میں مصروف ہوگئے ۔
اعصام الحق کا کہنا ہے کہ خوش آئند بات یہ ہے کہ اس بار پاکستان سپر لیگ کے دو پلے آف لاہور میں جبکہ فائنل کراچی میں کھیلا جائے گا جس کے بعد امید کی جاسکتی ہے کہ آئندہ سال لیگ کے زیادہ تر میچز پاکستان میں ہونگے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اعصام الحق نے کہا کہ ملک میں حالات بہتر ہورہے ہیں اور ڈیوس کپ کے علاوہ کرکٹ کی انٹرنیشنل سرگرمیاں بھی ملک میں شروع ہوچکی ہیں جیسا کہ گزشتہ سال ورلڈ الیون اور سری لنکا کی ٹیمیں لاہور میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکی ہیں یہ اسی کا نتیجہ ہے کہ کھلاڑیوں کا اعتماد بھی بحال ہو رہا ہے کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے۔