وانڈررز میں غیر متوقع باؤنس: کوہلی کھیلنے کو تیار، ڈو پلیسی نے فیصلہ امپائرز پر چھوڑ دیا

،تصویر کا ذریعہAFP
وانڈررز میں جنوبی افریقہ اور انڈیا کے درمیان کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کا کھیل امپائرز نے پچ پر تحفظات کے باعث مقررہ وقت سے قبل روک دیا۔
وانڈررز کی پچ پر کریک بڑے ہو گئے جس کے باعث غیر متوقع، بہت زیادہ باؤنس تھا اور بہت زیادہ سیم موومنٹ تھی۔
امپائرز نے کھیل مقررہ وقت سے قبل اس وقت روک دیا جب جسپریت بمرا کا باؤنسر جنوبی افریقہ کے ڈین ایلگر کے ہیلمٹ پر لگا۔ یہ چوتھی گیند تھی جو ان کے ہیلمٹ پر لگی تھی۔
تاہم ہفتہ کو کھیل اپنے مقررہ وقت پر شروع ہو گا۔
اس سے قبل دونوں ٹیموں کے بیٹسمینوں کو تیزی سے اٹھتی گیند لگی۔ انڈین اوپنر مرلی وجے کو صرف پہلے سیشن میں پانچ گیندیں لگیں۔

،تصویر کا ذریعہAFP
دونوں ٹیموں کے کپتانوں کو میچ امپائرز علیم ڈار اور ایئن گولڈ اور میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ نے طلب کیا۔
آئی سی سی نے بعد میں ٹویٹ کیا کہ ’امپائرز پچ کا معائنہ کرتے رہیں گے اور اگر پچ مزید خراب ہوئی تو میچ ریفری سے مشاورت کریں گے۔‘
وانڈررز میں جاری اس میچ میں اب تک صرف ایک کھلاڑی نصف سینچری کر سکا ہے۔ جنوبی افریقہ کو جیتنے کے لیے 224 رنز درکار ہیں اور اس کی نو وکٹیں باقی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کیا ایسا پہلے کبھی ہوا ہے؟
اس سے قبل صرف دو ٹیسٹ میچوں کو روکنا پڑا۔ دونوں میچ ویسٹ انڈیز میں انگلینڈ کے خلاف تھے۔ ایک میچ جنوری سنہ 1998 میں اور دوسرا فروری سنہ 2009 میں۔

،تصویر کا ذریعہReuters
جنوری سنہ 1998 میں جمائکا میں انگلینڈ تین وکٹوں کے نقصان پر 17 رنز پر بیٹنگ کر رہا تھا جب امپائرز نے پچ کو غیر موزوں قرار دیا۔
فروری سنہ 2009 میں انٹیگوا میں صرف 10 گیندوں کے بعد ہی میچ روک دیا گیا کیونکہ آؤٹ فیلڈ کافی نرم تھی اور یہ فیلڈرز اور بولرز کے لیے خطرناک تھی۔
انڈیا کا کہنا ہے کہ وہ میچ جاری رکھنا چاہتے ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کا کہنا ہے کہ میچ آفیشلز کا جو فیصلہ ہو۔
قوانین کے مطابق میچ اس وقت جاری رہ سکتا ہے اگر دونوں کپتان کھیلنے کے لیے تیار ہوں۔
اگر فیصلہ نہ کھیلنے کا ہے تو پھر دیکھا جائے گا کہ کیا پچ کو بہتر بنایا جا سکتا ہے لیکن ایسا کرنے میں کسی ایک ٹیم کا فائدہ نہ ہو۔
پچ کو بہتر بنانے کے عمل میں صرف دن کے آغاز میں رولر چلایا جائے گا۔ واضح رہے کہ تیسرے روز کے آغاز پر بھی رولر چلایا گیا تھا۔








