سچن کی پہچان، ’10 نمبر کی جرسی اب شاید ہی کوئی دوسرا کھلاڑی پہنے‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, سہیل حلیم
- عہدہ, بی بی سی اردو، دلی
انڈیا میں خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ اب شاید ہی کوئی دوسرا کھلاڑی دس نمبر کی وہ جرسی پہنے گا جو سچن تندولکر کی پہچان بن گئی تھی۔
سچن کی ریٹائرمنٹ کے بعد پانچ برسوں تک کسی دوسرے انڈین کھلاڑی نے دس نمبر کی جرسی نہیں پہنی۔
اب خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ شاید مستقبل میں کوئی دوسرا انڈین کھلاڑی کسی بین الاقوامی میچ میں دس نمبر کی جرسی نہیں پہنے گا۔
سچن تندولکر نے آخری مربتہ یہ جرسی 18 مارچ 2012 کو پہنی تھی، یہ میچ ڈھاکہ میں پاکستان کے خلاف کھیلا گیا تھا جس میں انھوں نے 52 گیندوں میں 48 رن بنائے تھے۔
سچن 24 سال کے طویل کیریئر کے بعد 2013 میں ریٹائر ہو گئے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انڈیا میں سچن کے مداح انھیں کرکٹ کے بھگوان کے روپ میں دیکھتے ہیں۔ ان کی ریٹائرمنٹ کے پانچ سال بعد تک بھی کسی نے اس جرسی کو نہیں پہنا۔
لیکن اس سال ایک نوجوان فاسٹ بولر شاردل ٹھاکر کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔ جب وہ کھیلنے کے لیے میدان میں اترے تو انھوں نے دس نمبر کی جرسی پہن رکھی تھی جس کی وجہ سے سوشل میڈیا پر انہیں خوب نشانہ بنایا گیا۔
کچھ لوگ بظاہر اس بات پر ناراض تھے کہ وہ سچن تندولکر کی پہچان بن جانے والی جرسی کیسے پہن سکتے ہیں۔
ٹوئٹر پر سچن کے ایک مداح نے لکھا کہ’آپ یہ جرسی کیسے پہن سکتے ہیں، کیا آپ کو معلوم نہیں کہ یہ ہمارے بھگوان سچن کی جرسی ہے؟‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images
کچھ لوگوں نے لکھا کہ’ دس صرف ایک نمبر ہی نہیں ہے، 90 کے عشرے میں اس نمبر سے ہماری بہت سے یادیں جڑی ہوئی ہیں۔‘ اس کے بعد اپنے اگلے میچ میں شاردل نے 54 نمبر کی جرسی پہنی۔
انڈین کرکٹ کے بارے میں مزید پڑھیے
بی سی سی آئی کے ایک اہلکار نے خبر رساں ادارے پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کس نمبر کی جرسی پہنی جائے، یہ کھلاڑیوں کا انفرادی فیصلہ ہوتا ہے، کسی کھلاڑی کو کوئی خاص جرسی پہننے کے لیے مجبور نہیں کیا جا سکتا۔
بی سی سی آئی نے جرسی ریٹائر کرنے کا کوئی باضابطہ فیصلہ نہیں کیا ہے، یہ بس کھلاڑیوں کی اپنی رائے ہے کہ وہ یہ جرسی نہیں پہنیں گے۔ اور یہ بھی ہے کہ آپ نہیں چاہتے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا جائے، جیسا کہ شاردل ٹھاکر کے ساتھ ہوا۔
انڈین پریمئر لیگ میں سچن تندولکر ممبئی انڈینز کے لیے کھیلتے تھے۔ ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد ممبئی انڈینز نے بھی دس نمبر کی جرسی ریٹائر کر دی تھی۔










