پہلا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان کی سری لنکا کو سات وکٹوں سے شکست، شعیب ملک کی عمدہ بیٹنگ

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ابوظہبی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے 103 رنز کا ہدف حاصل کر کے سری لنکا کو سات وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
پاکستان نے 103 رنز کا ہدف 17.2 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا جس میں شعیب ملک 42 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
سیریز کا دوسرا میچ کل جمعے کو دبئی میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری میچ لاہور میں ہو گا۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز احمد شہزاد اور فخر زمان نے کیا اور تیسرے اوورز میں فخر زمان 6 رنز بنا کر سنجایا کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
چھٹے اوور میں بابر اعظم ایک رن پر وکٹ کیپئر کے ہاتھوں سٹمپ آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد شعیب ملک اور احمد شہزاد نے سکور کو 64 رنز پر پہنچایا تو احمد شہزاد سنجایا کا دوسرا شکار بن گئے جو 22 رنز پر وکٹ کیپئر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
شعیب ملک کے ساتھ حفیظ بیٹنگ کرنے آئے اور آؤٹ ہوئے بغیر 25 رنز بنائے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس سے پہلے پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور سری لنکن ٹیم 18.3 اوورز میں 102 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی نے تین وکٹیں لیں۔محمد حفیظ اور عثمان خان شنواری نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ عماد وسیم، فہیم اشرف اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
سری لنکا کے آؤٹ ہونے والے پہلے بیٹسمین دلشان مناویرا تھے جنھیں عماد وسیم نے پہلے ہی اوور میں بولڈ کر دیا۔
سری لنکا کے آؤٹ ہونے والے دوسرے بیٹسمین ڈنوشکا گناتھلاکا تھے جو عثمان خان کی بال پر سرفراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
سری لنکا کے تیسرے بیٹسمین سدھیرا سماراوکرما تھے جو فہیم اشرف کی بال پر بولڈ ہوئے۔سری لنکا کے چوتھے بیٹسمین آشن پریانجن پاکستانی بولر شاداب خان کی بال پر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
آؤٹ ہونے والے پانچویں بیٹسمین مہیلا اداواتے تھے جو محمد حفیظ کی بال پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ سری لنکا کے چھٹے بیٹسمین ڈاسن شناکا محمد حفیظ کی بال پر سرفراز کے ہاتھوں سٹمپ ہوئے۔ساتویں بیٹسمین سچتھ پتھیرانا کو حسن علی نے اپنی ہی بال پر کیچ آؤٹ کیا۔
آؤٹ ہونے والے آٹھویں بیٹسمین تھسارا پریرا تھے عثمان خان کی بال پر سرفراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔سورو ادھانا نویں بیٹسمین تھے جنھیں حسن علی نے بولڈ کیا۔ آخری کھلاڑی ویکم سنجایا تھے جو حسن علی کی گیند پر فہیم اشرف کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل پاکستان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز پانچ صفر سے جیت چکا ہے جبکہ ٹیسٹ سیریز میں اسے دو صفر سے شکست ہوئی تھی۔
سیریز کا دوسرا میچ جمعے کے روز ابوظہبی کے اسی اسٹیڈیم میں کھیلا جایے گا۔ جبکہ آخری تیسرا اور آخری میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جایے گا۔
پاکستانی کھلاڑیوں کے نام:
سرفراز احمد(کپتان)، احمد شہزاد، بابر اعظم، فہیم اشرف، فخر زمان، حسن علی، عماد وسیم، محمد حفیظ، شاداب خان، شعیب ملک، اور عثمان خان۔
سری لنکن کھلاڑیوں کے نام:
تھسارا پریرا(کپتان)، ڈنوشکا گناتھلاکا، دلشان مناویرا، سچتھ پتھیرانا، سیکوگھے پراسانا، آشن پریانجن، سدھیرا سماراوکرما، ویکم سنجایا، ڈاسن شناکا، اسورو ادھانا اور مہیلا اداواتے۔









