انڈیا نے آسٹریلیا کو ہرا کر سیریز اور عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن اپنے نام کرلی

،تصویر کا ذریعہReuters
انڈیا نے آسٹریلیا کو تیسرے ایک روزہ کرکٹ میچ میں پانچ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اور عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن اپنے نام کر لی ہے۔
اندور میں اتوار کو کھیلے گئے تیسرے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 293 رنز بنائے تھے جس میں آرون فنچ 124 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
فنچ کے علاوہ کپتان سٹیون سمتھ 63 اور ڈیوڈ وارنر نے 42 رنز بنائے۔
انڈیا کی جانب سے بولنگ میں شروعات اچھی نہیں ہوئی تھی اور ایک وقت ایسا لگ رہا تھا کہ آسٹریلیا 330 سے زیادہ سکور کر لے گا لیکن انڈین گیند بازوں نے آخری اوورز میں آسٹریلوی بلےبازوں کو جم کر کھیلنے نہیں دیا اور 77 رنز کے عوض ان کی آخری پانچ وکٹیں حاصل کی۔
جب انڈیا نے بیٹنگ شروع کی تو اجکنیا رہانے اور روہت شرما نے 22 اوورز میں 139 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی اور میچ میں جیت کی راہ ہموار کر دی۔
اس کے بعد آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا نے اپنی شاندار فارم جاری رکھتے ہوئے چار چھکوں کی مدد سے 72 گیندوں پر 78 رنز بنائے اور انڈیا کی جیت یقینی بنا دی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہReuters
پانڈیا نے ایک وکٹ بھی حاصل کی تھی اور ان کی آل راؤنڈ کارکردگی پر انھیں اس ایک روزہ سیریز میں دوسری دفعہ مین آف دی میچ کا اعزاز بھی ملا۔
اس میچ میں جیت کے بعد انڈیا نے اب مسلسل نو ایک روزہ میچوں میں جیت حاصل کر لی ہے اور اس کارکردگی کی بدولت ایک روزہ میچوں کی عالمی درجہ بندی میں وہ اب پہلی پوزیشن پر آ گیا ہے۔
پانچ میچوں کی سیریز کا چوتھا مقابلہ 28 ستمبر کو بنگلور میں کھیلا جائے گا جبکہ آخری میچ پہلی اکتوبر کو ناگپور میں ہوگا۔
ایک روزہ میچوں کے بعد آسٹریلیا اور انڈیا تین ٹی ٹوئنٹی میچ بھی کھیلیں گے۔








