انڈیا نے پہلے ایک روزہ کرکٹ میچ میں آسٹریلیا کو با آسانی شکست دے دی

،تصویر کا ذریعہReuters
انڈیا نے آسٹریلیا کو ایک روزہ کرکٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت 26 رنز سے ہرا کر سیریز میں برتری حاصل کر لی ہے۔
چنئی کے ایم اے چدم برم سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انڈیا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنائے لیکن بارش کے باعث آسٹریلیا کو 21 اوورز میں 164 کا ہدف دیا گیا جو وہ حاصل کرنے میں ناکام رہی۔
انڈیا کی جانب سے ہاردک پانڈیا نے آل راؤنڈ کھیل کا مظاہرہ کیا اور مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔
انڈین کپتان ویراٹ کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جو ابتدا میں درست ثابت نہ ہوا اور فقط 11 رنز پر انڈیا کے تین کھلاڑی پویلین واپس لوٹ چکے تھے۔
کوہلی خود بھی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئِے۔ یہ کوہلی کے ون ڈے کریئر میں یہ دوسرا موقع ہے جب وہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے ہیں۔
تاہم پھر دھونی اور ہاردک پانڈیا کے درمیان سنچری پارٹنر شپ نے انڈیا کے سکور کو مستحکم کیا۔

،تصویر کا ذریعہReuters
ان دونوں نے نصف سنچریاں بھی بنائیں۔ پانڈیا نے 66 گیندوں پر 88 رنز سکور کیے جو ان کے ون ڈے کرئیر کا بہترین سکور ہے جبکہ دھونی نے 79 رنز بنائے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
چھٹی وکٹ کی شراکت میں دونوں کھلاڑیوں نے مجموعی سکور میں 118رنز کا اصافہ کیا۔
انڈیا کی طرح آسٹریلیا کی ٹیم بھی اننگز کے آغاز سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور اس کی چار وکٹیں 35 کے مجموعی سکور پر گر چکی تھی۔
اس موقع پر میکسویل اور سٹوئنز نے ٹیم کو کچھ سہارا دیا لیکن جب سکور 76 پر پہنچا تو دونوں یکے بعد دیگرے پویلین لوٹ گئے۔
چھ وکٹوں کے نقصان کے بعد رن بنانے کی رفتار کم ہو گئی اور آسٹریلوی ٹیم مقررہ اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز ہی بنا سکی۔







