محمد وسیم کی پاناما کے باکسر ایوان کو شکست

محمد وسیم

،تصویر کا ذریعہAFP

    • مصنف, محمد کاظم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

پاکستان کے صوبہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ باکسر محمد وسیم کے رشتہ داروں نے پاناما کے باکسر ایون ٹیروس کو شکست دینے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا ہے وہ کامیابی کے تسلسل کو جاری رکھیں گے۔

فلائی ویٹ کیٹیگری میں نمبر ون پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے باکسر محمد وسیم کا اتوار کو پاناما کے باکسر ایون ٹیروس سے مقابلہ ہوا۔

محمد وسیم نے تیسرے ہی راؤنڈ میں مخالف باکسر کو زیر کرتے ہوئے نہ صرف فائٹ جیتی بلکہ وہ فلائی ویٹ کی ورلڈ رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن برقرار رکھنے میں بھی کامیاب ہو گئے۔

خیال رہے کہ محمد وسیم 2 بار ورلڈ باکسنگ کونسل کا سلور ٹائٹل جیت چکے ہیں۔

وسیم کے رشتہ دار کوئٹہ شہر کے علاقے بلوچی سٹریٹ میں ان کے چھوٹے سے گھر کے مہمان خانے میں مقابلے کا حال جاننے کے لیے جمع تھے۔

جب پاناما کے باکسر آئیوان ٹیروس کو تیسرے راؤنڈ میں ناک آؤٹ کرنے کے بعد وسیم کی کامیابی کا اعلان کیا گیا تو ان کے رشتہ دار ایک دوسرے کو گلے لگاتے رہے اورمبارکباد پیش کرتے رہے۔

محمد وسیم کے بھائی

مہمان خانے میں بچوں کے ساتھ موجود ان کی چھوٹی کزن نے بتایا کہ وسیم کی کامیابی پر وسیم کے اہلخانہ اور تمام رشتہ دار بہت خوش ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ'وسیم کے گھر میں جیت کا سماں ہے۔ سب رشتہ دار آ رہے ہیں اور مبارکبادیں دے رہے ہیں۔'

ان کے بھائی محمد فہیم کا کہنا تھا کہ'وسیم کی کامیابی ہمارے لیے کافی خوشی اور فخر کی بات ہے۔ ان کی کامیابی پورے ملک کے لیے فخر کی بات ہے۔'

انہوں نے کہا کہ'وسیم پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔ ہم یہ توقع رکھتے ہیں کہ وہ آئندہ بھی کامیابی حاصل کرتے رہیں گے اور پاکستان کا نام روشن کرتے رہیں گے۔'

فہیم کا کہنا تھا کہ براہ راست میچ کو دیکھنے کا کوئی انتظام نہیں تھا۔

انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ آئندہ جو بھی میچ ہو اس کو براہ راست دکھانے کا انتظام ہو تاکہ اس کو نہ صرف ہم بلکہ پورا ملک دیکھ سکے۔