’ویڈنگ آف دی سنچری‘: فٹبالر لیونل میسی رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے

فٹبال

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنارجنٹینا کے معروف فٹبالر لیونل میسی اپنی اہلیہ اینٹولینا روکوزو کے ساتھ شادی کے موقع پر

ارجنٹینا کے معروف فٹبالر لیونل میسی نے اپنی بچپن کی محبت، اینٹولینا روکوزو کے ساتھ جمعے کو اپنے آبائی شہر روزاریو میں ازدواجی بندھن قائم کر لیا۔

30 سالہ میسی کی 29 سالہ روکوزو کے ساتھ ملاقات ان کے بارسلونا جانے سے قبل ہوئی تھی جب میسی کی عمر صرف 5 برس تھی۔ روکوزو میسی کے سب سے قریبی دوست لوکس سیگلیا کی کزن ہیں جو خود بھی پروفیشنل فٹ بالر ہیں۔

میسی اور ان کی اہلیہ روکوزو اب بارسلونا میں رہائش پذیر ہیں اور ان کے دو بچے ہیں۔

شادی کی یہ تقریب روزاریو شہر کے ایک پرتعیش ہوٹل میں منعقد ہوئی جسے ارجنٹینا کے ایک اخبار کے مطابق 'ویڈنگ آف دی سنچری' بھی کہا جا رہا ہے۔ اس تقریب میں 260 سے زائد مہمانوں نے شرکت کی جس میں سے ایک بڑی تعداد میسی کے ساتھی کھلاڑیوں اور دوسری مشہور شخصیات کی تھی۔

فٹبال

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنشادی کی تقریب میں میسی کے فٹبال کلب بارسلونا کے کئی ساتھی کھلاڑیوں نے شرکت کی

شادی کی تقریب میں میسی کے فٹبال کلب بارسلونا میں ان کے ساتھ کھیلنے والے لیئوس سواریز، نیمار، ژاوی، جیرارڈ پیقے اور ان کی گلوکارہ بیوی شکیرا اور دیگر نے شرکت کی۔

بن بلائے مہمانوں کو روکنے کے لیے تقریب کا انعقاد کرنے والے ہوٹل کی سکیورٹی کے سخت انتظامات تھے اور 150 صحافیوں کو شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے پاسز دیے گئے تھے لیکن وہ صرف مخصوص حصے تک محدود تھے۔