ورلڈ کپ ہاکی کوالیفائنگ راؤنڈ : پاکستان کو انڈیا کے ہاتھوں پھر شکست

،تصویر کا ذریعہGetty Images
لندن میں جاری ورلڈ کپ ہاکی کوالیفائنگ راؤنڈ کے ایک میچ میں انڈیا نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں چھ گول سے شکست دے دی ہے جس کے بعد اب پاکستان کی ٹیم اس ٹورنامنٹ کے ذریعے عالمی کپ میں جگہ بنانے میں ناکام ہوگئی ہے۔
سنیچر کو کھیلے گئے میچ میں انڈیا نے اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کے خلاف دوسری مرتبہ کامیابی حاصل کی ہے۔
انڈیا کی جانب سے رمن دیپ نے دو جبکہ تلوندر سنگھ، اکاش دیپ سنگھ، پرمن پریت سنگھ اور مندیپ سنگھ نے ایک ایک گول کیا۔
پاکستان کی جانب سے واحد گول اعجاز احمد نے میچ کے تیسرے کوارٹر میں کیا۔
پاکستانی ٹیم کی کارکردگی اس کوالیفائنگ راؤنڈ میں مایوس کن رہی ہے اور اسے اپنے پول میں چار میں سے تین میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
کوارٹر فائنل میچوں میں ارجنٹائن نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی تھی جبکہ انڈیا کو ملائشیا کے ہاتھوں شکست اٹھانا پڑی تھی۔
اب انڈیا کی ٹیم پانچویں پوزیشن کے میچ میں کینیڈا کا سامنا کرے گی جبکہ پاکستان اتوار کو ساتویں اور آٹھویں پوزیشن کا میچ چین کے خلاف کھیلے گا۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ کوالیفائنگ ٹورنامنٹ سے پانچ ٹیمیں آئندہ سال انڈیا میں ہونے والے عالمی کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
جو ٹیمیں کوالیفائنگ راؤنڈ سے عالمی کپ میں جگہ نہیں بنا پائیں گی ان کے لیے بین البراعظمی ٹورنامنٹس کے ذریعے عالمی کپ تک رسائی کا ایک اور موقع ہوگا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
لہذا اب پاکستانی ٹیم کو اس کوالیفائنگ ٹورنامنٹ سے عالمی کپ میں پہنچنے میں ناکامی کے بعد ایشیا کپ جیت کر عالمی کپ میں جگہ بنانا ہوگی۔
ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ اس سال اکتوبر میں ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا۔
لندن میں ہونے والا یہ کوالیفائنگ راؤنڈ دراصل ہاکی ورلڈ لیگ سیمی فائنل ایونٹ ہے۔
اس سلسلے کا دوسرا ہاکی ورلڈ لیگ سیمی فائنل ایونٹ نو سے 23 جولائی تک جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔
دونوں مقابلوں سے آٹھ ٹیمیں اس سال دسمبر میں انڈیا میں ہونے والے ہاکی ورلڈ لیگ فائنل ایونٹ کے لیے بھی کوالیفائی کریں گے یعنی یہ ہاکی لیگ سیمی فائنل مقابلے عالمی کپ کے ساتھ ساتھ ورلڈ لیگ فائنل کے کوالیفائنگ راؤنڈ کا درجہ بھی رکھتے ہیں۔









