چیمپیئنز ٹرافی:انگلینڈ کی نیوزی لینڈ پر87 رنز سے فتح

فلینکٹ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنانگلینڈ کی جانب سے لیئم پلنکٹ چار وکٹیں حاصل کر کے سب سے کامیاب بولر رہے

آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے چھٹے میچ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو 87 رنز سے شکست دے دی ہے۔

اس فتح کے نتیجے میں انگلینڈ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔

کارڈف میں کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

انگلینڈ کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 49.3 اوورز میں 310 رنز بنائے جبکہ جواب میں نیوزی لینڈ کی ساری ٹیم 44.3 اوورز میں 223 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

نیوزی لینڈ کی اننگز میں سب سے کامیاب بلے باز کین ولیمسن رہے جو 87 رنز بنا کر وڈ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کی جانب سے لیئم پلنکٹ چار وکٹیں حاصل کر کے سب سے کامیاب بولر رہے۔

بٹلر

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنبٹلر نے 48 گیندوں پر 61 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے

انگلینڈ کی جانب سے بٹلر 61 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ روٹ 64، ہیلز 56 اور سٹوکس 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے اینڈرسن اور ملنے نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

اس میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ انگلینڈ کی ٹیم میں زخمی کرس ووکس کی جگہ عادل رشید کو ٹیم میں شامل کیا گیا جنھوں نے دو وکٹیں لیں۔

یہ ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیموں کا دوسرا میچ تھا۔

انگلینڈ نے چیمپیئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں بنگہ دیش کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ نیوزی لینڈ اور آآسٹریلیا کے کا میچ بارش کی وجہ سے بے نتیجہ رہا تھا۔