چیمپیئنز ٹرافی 2017 میں نئی ٹیکنالوجیز کا استعمال

ڈرون

،تصویر کا ذریعہICC

    • مصنف, ذیشان علی
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے انگلینڈ میں آج سے شروع ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی میں کئی جدید ٹیکنالوجیز متعارف کرائی ہیں جو کہ شائقین، کھلاڑیوں، میڈیا اور براڈ کاسٹرز کو ذہن میں رکھتے ہوئے متعارف کرائی گئی ہیں۔

ان جدید ٹیکنالوجیز میں ڈرون کا استعمال ہے جو پچ کا تجزیہ دے گا، بیٹ میں انٹیل کا سینسر جو بیٹ سوئنگ کا تجزیہ کرے گا اور سٹیڈیم میں موجود شائقین کے لیے ورچوئل ریئلٹی شامل ہیں۔

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا کہ چیمپیئنز ٹرافی میں پہلی بار انٹیل کے فیلکن ایٹ کا استعمال کیا جائے گا جس کے ذریعے ہر میچ سے قبل پچ کا تجزیہ کیا جائے گا۔

ڈرون سے لی گئی تصاویر سے پچ کی کنڈیشن کے بارے میں جانا جائے گا جیسے کہ پچ پر گھاس کتنی ہے۔

نئے بیٹ سینسر کے حوالے سے آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو نے بتایا کہ انٹیل ٹیکنالوجی کے سینسر کسی بھی بیٹ پر لگائے جا سکتے ہیں جس سے بیٹسمین کے سٹروک کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکیں گی۔

انٹیل

،تصویر کا ذریعہIntel

اس سینسر سے ہر سٹروک پر بیٹ کا بیک لفٹ، فولو تھرو کے بارے میں معلومات حاصل کی جائیں گی۔ کئی بیٹسمین اس سینسر کا استعمال کریں گے جس کے ذریعے سٹروک کے بارے میں مفید معلومات ملیں گی۔ ان سینسرز سے ملنے والی معلومات مداحوں کے لیے بھی میسر ہوں گی تاکہ وہ اپنا تجزیہ کر سکیں۔

سٹیڈیم میں موجود شائقین کے لیے انٹیل اوول اور ایجبیسٹن میں ورچوئل ریئلٹی متعارف کر رہی ہے۔ سٹیڈیم میں موجود شائقین ہیڈ ماؤئنٹڈ ڈسپلے کے ذریعے ورچوئل بولر کے خلاف اپنی بیٹنگ کی صلاحیت ٹیسٹ کر سکیں گے۔

-