آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی کے بعد ون ڈے سیریز بھی جیت لی
گیانا میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں پاکستان نے میزبان ویسٹ انڈیز کو چار وکٹوں سے شکست دے کر سیریز دو ایک سے اپنے نام کر لی ہے۔
پاکستان کی اس جیت میں محمد حفیظ اور شعیب ملک نے اہم کردار ادا کیا اور تجربے کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی ٹیم کو 234 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں مدد فراہم کی۔
شعیب ملک نے ناقابل شکست 101 اور محمد حفیظ نے 81 رنز کی اننگز کھیلی۔ دونوں بلے بازوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 113 رنز بنائے۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 233 رنز بنائے تھے۔
میزبان ٹیم کی جانب سے ہوپ نے 71 اور جیسن محمد 59 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پاکستان کی طرف سے جنید خان، محمد عامر اور شاداب خان نے دو، دو جبکہ حسن علی اور عماد وسیم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بلے بازوں کا آغاز اچھا نہ تھا اور اننگز کی پہلی گیند پر کامران اکمل گیبریئل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
ان کے بعد احمد شہزاد تین اور گذشتہ میچ میں سنچری سکور کرنے والے بابر اعظم صرف 16 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے تو محمد حفیظ اور شعیب ملک نے محتاط انداز میں پاکستان اننگز کو آگے بڑھانا شروع کیا۔
شعیب ملک نے دس چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے سنچری مکمل کی جبکہ محمد حفیظ کی نصف سنچری میں آٹھ چوکے اور دو چھکے شامل رہے۔
محمد حفیظ کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان سرفراز احمد کریز پر آئے جنھوں نے شعیب ملک کے ساتھ مل کر پانچویں وکٹ کی شراکت میں 87 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کو یہ میچ اور سیریز جتوائی۔ سرفراز احمد نے ناٹ آؤٹ 24 رنز سکور کیے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل کھیلے گئے دو ایک روزہ میچوں میں سے پہلا ویسٹ انڈیز جبکہ دوسرا پاکستان نے جیتا تھا۔
دونوں ٹیمیں اب تین ٹیسٹ میچوں کے سیریز میں آمنے سامنے ہوں گی۔ ٹیسٹ سیریز کا آغاز 21 اپریل سے کنگسٹن میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ سے ہوگا۔