آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
گیانا ون ڈے: پاکستان کی ویسٹ انڈیز کو 74 رنز سے شکست، سیریز برابر
گیانا میں کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ کرکٹ میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 74 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کر دی ہے۔
اس میچ میں پاکستان کے 282 رنز کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 45 اوورز میں 208 رنز ہی بنا پائی۔
ویسٹ انڈین ٹیم کے کپتان جیسن ہولڈر اور نرس کے علاوہ کوئی وکٹ پر نہ جم سکا۔ ہولڈر نے نصف سنچری بنائی جبکہ نرس 44 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی نے پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد حفیظ نے دو اور محمد عامر،جنید خان اور شاداب خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اتوار کو کھیلے جانے والے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پاکستانی اننگز کی خاص بات بابر اعظم کی عمدہ بلے بازی تھی۔ انھوں نے 132 گیندوں پر سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 125 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ اس سنچری پر وہ مین آف دی میچ بھی قرار پائے۔
بابر اعظم اور عماد وسیم نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 95 رنز سکور کیے۔ عماد وسیم نے اننگز کے اختتامی اوورز میں جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 34 گیندوں پر دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 43 رنز سکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم کا آغاز اچھا نہ تھا اور ایک موقع پر اس کے 75 رنز پر اس کے چھ کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔
تاہم اس موقع پر کپتان ہولڈر نے پہلے نرس اور پھر بشو اور جوزف کے ساتھ اہم شراکتیں قائم کیں تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح دلوانے میں ناکام رہے۔
دوسرے ایک روزہ میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی اور فاسٹ بولر وہاب ریاض کی جگہ جنید خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا جبکہ میزبان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ 11 اپریل کو کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ 2019 میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ تک براہ راست رسائی حاصل کرنے کے لیے یہ سیریز دونوں ٹیموں کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق سابق عالمی چیمپیئن ویسٹ انڈیز اس وقت عالمی رینکنگ میں نویں اور پاکستان آٹھویں پوزیشن پر موجود ہیں۔
پاکستان کو 2019 کے عالمی کپ میں اپنی براہ راست رسائی کو یقینی بنانے کے لیے اس سیریز کے تینوں میچ جیتنا لازمی تھے جو کہ اب پہلے میچ میں شکست کے بعد ممکن نہیں رہا۔ تاہم سیریز جیتنے کی صورت میں اس کی آٹھویں پوزیشن برقرار رہ سکتی ہے۔
2019 میں ہونے والے ورلڈ کپ میں عالمی رینکنگ کی ابتدائی آٹھ ٹیموں کو براہ راست رسائی حاصل ہوگی جبکہ دیگر ٹیموں کو کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنا ہوگا جن میں سے دو ہی ٹیمیں آگے جا سکیں گی۔