مشکوک افراد سے مبینہ روابط، فاسٹ بولر محمد عرفان معطل

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان کرکٹ بورڈ نے فاسٹ بولر محمد عرفان کو معطل کردیا ہے اور انھیں 14 روز میں اپنا جواب داخل کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔
یہ معطلی پاکستان سپر لیگ کرپشن سکینڈل کے سلسلے میں عمل میں آئی ہے۔
واضح رہے کہ محمد عرفان پیر کے روز پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش ہوئے تھے اور اپنا بیان ریکارڈ کرایا تھا۔
نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق محمد عرفان پر الزام ہے کہ انہوں نے مشکوک افراد سے اپنے مبینہ روابط کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ کو مطلع نہیں کیا تھا۔
محمد عرفان نے پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائٹڈ کی نمائندگی کی تھی۔
اسی تحقیقات کے سلسلے میں کراچی کنگز کے اوپننگ بیٹسمین شاہ زیب حسن منگل کے روز پاکستان کرکٹ بورڈ کے انٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش ہوں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پاکستان کرکٹ بورڈ دو کرکٹرز شرجیل خان اور خالد لطیف کو پہلے ہی معطل کرچکا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس کرپشن سکینڈل کی تحقیقات کے لیے تین رکنی ٹریبونل بھی تشکیل دیا ہے جس کے سربراہ جسٹس ریٹائرڈ اصغر حیدر ہیں اور اس میں لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ توقیر ضیا اور وسیم باری شامل ہیں۔
یہ ٹریبونل جلد ہی اپنا کام شروع کرنے والا ہے۔








