شاہد آفریدی زخمی، فائنل نہیں کھیلیں گے

شاہد آفریدی

،تصویر کا ذریعہPCB

،تصویر کا کیپشنسوشل میڈیا پر شاہد آفریدی کے لیے شائقین عقیدت اور محبت کا اظہار کر رہے ہیں اور ٹوئٹر پر 'لالا' ٹرینڈ کر رہا ہے

پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑی شاہد آفریدی نے تصدیق کر دی ہے کہ وہ پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

شاہد آفریدی تیسرے پلے آف کے دوران زخمی ہو گئے تھے۔ پشاور زلمی نے تیسرے پلے آف میں کراچی کنگز کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

شاہد آفریدی نے ایک ویڈیو پیغام میں اپنی ٹیم کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے پر مبارکباد دی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میری بڑی خواہش تھی کہ لاہور جا کر پی ایس ایل کا فائنل کھیلوں، لیکن کچھ چیزیں ہمارے بس میں نہیں ہوتیں۔‘

انھوں نے بتایا کہ ڈاکٹرز نے انھیں دس دن کا آرام بتایا ہے جس کی وجہ سے وہ فائنل نہیں کھیل سکیں گے۔

شاہد آفریدی کے ہاتھ پر دورانِ فیلڈنگ آنے والا زخم کافی گہرا تھا جس پر 12 ٹانکے آئے ہیں اور چونکہ یہ زخم فوری بھرنا ممکن نہیں اس لیے اب ان کا فائنل میں کھیلنا ممکن نہیں رہا۔

شاہد آفریدی

،تصویر کا ذریعہPESHAWAR ZALMI

،تصویر کا کیپشنویڈیو پیغام میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ان کی جو بھی کرکٹ باقی رہ گئی ہے وہ ان کے مداحوں کے لیے ہے

تاہم اپنی ٹیم کی کامیابی کے بعد شاہد آفریدی کے ٹویٹ کیا ’فائنل میں پہنچ کر ہمیشہ سے زیادہ خوشی ہوئی ہے۔ پشاور زلمی کے کھلاڑیوں نے اعزاز کے حصول کے لیے اپنے عزم کا بھرپور اظہار کیا۔ میری چوٹ اُنھیں پی ایس ایل جیتنے سے نہیں روک سکتی۔‘

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد وہ اچھی کرکٹ کھیلنا چاہتے تھے کیونکہ اس ٹورنامنٹ میں وہ کارکردگی نہیں دکھا پائے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی جو بھی کرکٹ باقی رہ گئی ہے وہ ان کے مداحوں کے لیے ہے۔

سوشل میڈیا پر شاہد آفریدی کے لیے شائقین عقیدت اور محبت کا اظہار کر رہے ہیں اور ٹوئٹر پر ’لالا‘ ٹرینڈ کر رہا ہے۔

شائقین کرکٹ نے سوشل میڈیا پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ’آفریدی کے بغیر فائنل فائنل نہیں ہوگا۔‘

ایک صارف احمد آفریدی نے لکھا ’یہ دل توڑنے والے خبر ہے لیکن لالا آپ کی صحت اولیت رکھتی ہے۔‘