60 رنز کا معمولی ہدف، پشاور زلمی کی بمشکل تین وکٹوں سے جیت

کرکٹ

،تصویر کا ذریعہPSL

،تصویر کا کیپشنسنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کے خلاف 60 رنز کا ہدف پورا کرلیا

دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں جاری پاکستان سپر لیگ کے سیزن ٹو میں اتوار کو کھیلے جانے والے واحد میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے دی۔

پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے کم سکور 59 رنز بنانے کے بعد لاہور قلندرز نے شاندار بولنگ کی اور پشاور زلمی کے سات کھلاڑی آؤٹ کر لیے لیکن کامیابی ان کے نصیب میں نہ آسکی۔

یاسر شاہ نے زبردست کار کردگی دکھائی اور چار اوورز میں سات رنز کے عوض چار وکٹ لیے اور مین آف دی میچ کے حقدار بنے۔

پی ایس ایل سیزن ٹو کے اب تک ہونے والے چھ میچوں میں یاسر شاہ دوسرے پاکستانی ہیں جن کو مین آف دی میچ کا اعزاز ملا ہے۔

پشاور کی جانب سے صرف آئن مورگن اور شاہد آفریدی ڈبل فگرز میں داخل ہو سکے لیکن قلندرز کے قلیل سکور کی وجہ سے خراب بیٹنگ کے باوجود وہ اپنا دوسرا میچ جیتنے میں کامیاب ہوگئے۔

اس سے پہلے لاہور قلندرز کی پوری ٹیم اپنی اننگز کے گیارہویں اوور میں 59 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی جو کہ پی ایسل ایل کی تاریخ کا کم ترین سکور ہے۔

پچھلے سال کے ٹورنامنٹ میں کراچی کنگز نے سب سے کم سکور کر کے یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی اور ان کے بولرز کی کارکردگی نے اس فیصلے کو درست ثابت کیا۔ زلمی کی جانب سے چھ بولرز نے بولنگ کی اور سب وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

قلندرز کے کھیلے گئے گیارہ میں سے آٹھ اوررز میں کم سے کم ایک وکٹ گری تھی۔

قلندرز کی جانب سے بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے فخر زمان 33 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

کرکٹ

،تصویر کا ذریعہPCB

،تصویر کا کیپشنلاہور قلندرز کا پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے کم سکور

ٹورنامنٹ میں پشاور کی ٹیم تین میچ کھیل کر پہلے نمبر پر ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دوسرے نمبر پر ہے۔ لاہور قلندرز تیسری، اسلام آباد چوتھے اور کراچی کنگز آخری پوزیشن پر موجود ہے۔

اتوار کے میچ کے بعد ٹورنامنٹ میں دو دن کا وقفہ ہوگا اور بدھ سے شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں پی ایس ایل کا میلہ دوبارہ سجے گا جہاں پچھلے سال کے فائنلسٹس اسلام آباد یونائٹیڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا مقابلہ ہوگا۔