آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
دبئی میں رنگارنگ تقریب میں پاکستان سپر لیگ کا آغاز
دبئی میں ہونے والی ایک رنگا رنگ تقریب سے پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا آغاز ہو گیا ہے۔
دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کے ارکان کے علاوہ پی سی بی کے اعلیٰ عہدیداران اور شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی شریک ہوئیں۔
تقریب میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے گلوکاروں علی ظفر اور شہزاد رائے کے علاوہ جمیکن گلوکار شیگی بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
افتتاحی تقریب کے آغاز پر ہوا میں معلق ڈرمرز نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا جبکہ تقریب کے اختتام پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا۔
اس تقریب کے اختتام پر ٹورنامنٹ کا پہلا میچ دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔
پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں گذشتہ سال کی طرح ہی پانچ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کراچی کنگز اور لاہور قلندر شامل ہیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت مصباح الحق کررہے ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سرفراز احمد کی قیادت میں میدان میں اترے گی البتہ دیگر تین ٹیموں کی قیادت میں تبدیلی عمل میں آئی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پشاور زلمی کی قیادت شاہد آفریدی کی جگہ ڈیرن سیمی نے سنبھالی ہے۔ لاہور قلندر نے اظہر علی کی جگہ برینڈن مک کلم کو کپتان مقرر کیا ہے جبکہ کراچی کنگز کے کپتان شعیب ملک کی جگہ کمار سنگاکارا ہوں گے۔
پاکستان سپر لیگ میں مجموعی طور پر 24 میچز کھیلے جائیں گے اور دبئی 13 اور شارجہ 10 میچوں کی میزبانی کرے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس بار فائنل لاہور میں کرانے کا اعلان کر رکھا ہے تاہم فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن ( فیکا) نے بین الاقوامی کرکٹرز کو متنبہ کیا تھا کہ وہ فائنل کے لیے لاہور جانے سے گریز کریں۔
تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے یقین دلایا ہے کہ تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے گئے ہیں۔