بی سی سی آئی کے خلاف قانونی کارروائی زیرِ غور

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کرکٹ بورڈ متوقع میچز نہ کھیلنے پر بھارتی کرکٹ بورڈ کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریارخان نے جمعے کے روز کراچی میں گورننگ بورڈ کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے ساتھ آٹھ سال میں چھ سیریز کھیلنے کی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے تھے لیکن اس نے اس یادداشت کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اب تک دو سیریز بھی نہیں کھیلی ہیں۔
لہذا اب پاکستان کرکٹ بورڈ قانونی کیس تیار کر رہا ہے جس میں پہلے مرحلے پر بھارتی کرکٹ بورڈ سے مطالبہ کیا جائے گا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو ہونے والے مالی نقصان کی تلافی کرے۔
شہریار خان نے کہا کہ مفاہمت کی اس یادداشت پر دستخط آئی سی سی کی موجودگی میں ہوئے تھے لہٰذا پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی سے بھی کہے گا کہ وہ اس معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی حمایت کرے اور اس کا مالی نقصان پورا کرے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بگ تھری منصوبے پر دستخط اسی شرط پر کیے تھے کہ بھارت پاکستان سے کھیلے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیرمین نجم سیٹھی نے اس بارے میں بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ماضی میں بی سی سی آئی سے یہ پوچھتا تھا کہ اگر بھارتی حکومت اسے پاکستان کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دے رہی تو وہ اس بات کا کوئی تحریری ثبوت دے لیکن بی سی سی آئی اس کا کوئی جواب نہیں دیتا تھا لیکن اب ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے اور ہم آئی سی سی کے گذشتہ اجلاس میں اپنا مؤقف واضح طور پر پیش کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی کے گذشتہ اجلاس میں بھارت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ خواتین میچز نہ کھیلنے پر اس کے تمام پوائنٹس پاکستان کو دینے کا فیصلہ ہوا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسی اجلاس میں یہ بات بھی واضح کردی تھی کہ اگر بھارت پاکستان کے ساتھ اگلے سال چیمپینز ٹرافی کا میچ نہیں کھیلتا تو اس کے پوائنٹس بھی پاکستان کو ملنے چاہئیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
نجم سیٹھی نے کہا کہ اس کیس پر پاکستان کرکٹ بورڈ کو ایک ملین ڈالرز بھی خرچ کرنے پڑے تو وہ کرے گا۔
انھوں نے کہا کہ اگر بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو کوئی جواب نہ دیا تو پھر یہ دیکھا جائے کہ یہ مقدمہ کہاں دائر کیا جائے۔









