مصباح الحق کا ایک اور اعزاز،’آئی سی سی سپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ‘

مصباح

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنمصباح الحق یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی ہیں

جنوبی افریقن کرکٹ ایمپائر ماریس ایرسمس کو آئی سی سی کی جانب سے سال کے بہترین ایمپائر کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ پاکستانی ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے آئی سی سی سپرٹ آف دی کرکٹ ایوارڈ حاصل کیا ہے۔

جمعرات کو آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ پیغام کے مطابق آئی سی سی کے ایمپائروں کے ایلیٹ پینل میں شامل ماریس ایرسمس کو سال 2016 کی شیفرڈ ٹرافی کا حقدار قرار دیا گیا ہے۔

جبکہ پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان 42 سالہ مصباح الحق کی جانب سے اپنی ٹیم کو کھیل کو اس کے روح کے مطابق کھیلنے کے لیے متاثر کرنے اور اپنے ملک میں بغیر کوئی ٹیسٹ میچ کھیلے عالمی رینکنگ میں نمبر چار سے پہلی پوزیشن پر پہنچانے پر ایوارڈ نے نوازا گیا ہے۔

مصباح الحق یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی ہیں۔ گذشتہ سال یہ ایوارڈ نیوزی لینڈ کے برینڈن میک کلم کے نام رہا تھا۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ 'رواں سال کے آغاز میں سال ٹیسٹ میس اٹھانا اور اب میرے کیریئر کے اختتام کے قریب یہ اعزاز ہر کھلاڑی کے لیے ایک پیغام ہے کہ عمر کوئی رکاوٹ نہیں جب تک آپ اپنی فٹنس کے معیار کو برقرار رکھتے ہیں اور بین الاقوامی معیارات کے مطابق پرفارم کرتے رہتے ہیں۔'

ایرسمس

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنماریس ایرسمس کو سال 2016 کی شیفرڈ ٹرفی کا حقدار قرار دیا گیا ہے

آئی سی سی کے بہترین ایمپائر قرار دیے جانے والے ماریس ایرسمس کو آئی سی سی میچ ریفریز اور ٹیسٹ کھیلنے والے ممالک کے کپتانوں کی ووٹنگ سے منتخب کیا گیا اور ان کے مدمقابل رچرڈ النگ ورتھ، بروس اوکسن فورڈ اور رچرڈ کیٹلبرو تھے۔

ایرسمس یہ اعزاز جیتنے والے پانچویں ایمپائر ہیں۔ اس سے قبل یہ اعزاز سائمن ٹفل (2004 سے 2008)، علیم ڈار (2009 سے 2011)، کمار دھرماسینا (2012) اور رچرڈ کیٹلبرو (2013 سے 2015) نے حاصل کیا تھا۔

52 سالہ ایرسمس نے سنہ 2007 میں کینیا اور کینیڈا کے درمیان نیروبی میں اپنے پہلے ایک روزہ میچ میں ایمپائرنگ کی خدمات سرانجام دی تھیں اور سنہ 2010 میں انھیں ایلیٹ پینل میں شامل کیا گیا تھا۔