راجکوٹ ٹیسٹ میں پجارا اور مرلی کی سنچریاں

چیتیشور پجارا

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنچیتیشور پجارا اور مرلی وجے نے دوسری وکٹ کی شراکت میں اب تک 190 رنز بنائے ہیں

راجکوٹ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن انڈیا نے انگلینڈ کے خلاف چیتیشور پجارا اور مرلی وجے کی سنچریوں کی بدولت 253 رنز بنا لیے ہیں۔

اس وقت کریز پر چیتیشور پجارا اور مرلی وجے موجود ہیں اور دونوں نے بالترتیب 105 اور 103 رنز بنائے ہیں۔

چیتیشور پجارا اور مرلی وجے نے دوسری وکٹ کی شراکت میں اب تک 190 رنز بنائے ہیں۔

میزبان ٹیم کو مہمان ٹیم کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 293 رنز کی ضرورت ہیں اور پہلی اننگز میں اس کی نو وکٹیں باقی ہیں۔

انڈیا کی جانب سے مرلی وجے اور گوتم گمبھیر نے تیسرے دن کے کھیل کا آغاز کیا۔

68 رنز کے مجموعی سکور پر انڈیا کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب گوتم گمبھیر 29 رنز بنا کر کرس براڈ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

اس سے قبل انگلینڈ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 537 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

مہمان ٹیم کی جانب سے جو روٹ، معین علی اور بین سٹوکس نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے سنچریاں سکور کیں۔

جو روٹ 124، معین علی 117 اور بین سٹوکس 128 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

انڈیا کی جانب سے رویندرا جدیجا نے تین، ایشون، محمد شامی اور اومیش یادوو نے دو، دو اور امت مشرا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

بدھ کو شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔