راجکوٹ ٹیسٹ: انگلینڈ کے 537 رنز کے جواب میں انڈیا کا پراعتماد آغاز

کرکٹ

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنمرلی وجے اور گوتم گمبھیر نے انڈیا کو بہتر آغاز فراہم کیا ہے

راجکوٹ میں انگلینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر انڈیا نے اپنی پہلی اننگز میں 63 رنز بنائے تھے اور اس کا کوئی کھلاڑی آؤٹ نہیں ہوا تھا۔

جمعرات کو جب دوسرے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو انڈیا کی جانب سے مرلی وجے 25 اور گوتم گمبھیر 28 رنز پر کھیل رہے تھے۔

اس سے قبل انگلینڈ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 537 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ اس طرح انڈیا کو پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے کے لیے مزید 474 رنز درکار ہیں۔

انگلینڈ کی جانب سے جو روٹ، معین علی اور بین سٹوکس نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی اپنی سنچریاں سکور کیں۔

جو روٹ 124، معین علی 117 اور بین سٹوکس 128 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کے علاوہ جونی بیرسٹو 46 اور ظفر انصاری 32 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے۔

کرکٹ

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنبین سٹوکس نے عمدہ انداز میں کھیلتے ہوئے سنچری سکور کی

انڈیا کی جانب سے رویندرا جدیجا تین، ایشون، محمد شامی، اومیش یادوو دو ، دو اور امت مشرا ایک وکٹ حاصل کر سکے۔

جمعرات کو انگلینڈ کی جانب سے معین علی اور بین سٹوکس نے اننگز کا دوبارہ آغاز کیا اور چوتھی وکٹ کی شراکت میں 62 رنز بنائے۔ معین علی کے آؤٹ ہونے کے بعد کریز پر جونی بیرسٹو آئے اور انھوں نے بین سٹوکس کے ساتھ مل کر پانچویں وکٹ کی شراکت میں 99 رنز جوڑے۔

مہمان ٹیم کی جانب سے انڈین نژاد انگلش کرکٹر حسیب حمیدنے اپنے ٹیسٹ کریئر کا آغاز کیا۔

بدھ کو شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے۔