آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
ابوظہبی: پاکستان کو ویسٹ انڈیز پر 342 رنز کی مجموعی برتری
ابوظہبی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان کے 114 رنز بنا لیے۔
اس طرح اسے مہمان ٹیم پر 342 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہو گئی ہے اور اس کی نو وکٹیں باقی ہیں۔
جب کھیل ختم ہوا تو اظہر علی 52 جبکہ اسد شفیق پانچ رنز بنانے کے بعد کریز پر موجود تھے۔
ویسٹ انڈیز کے پہلی اننگز میں 228 رنز پر آؤٹ ہونے کے باوجود پاکستانی کپتان مصباح الحق نے مہمان ٹیم کو فالو آن نہ کروانے اور بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے سمیع اسلم اور اظہر علی نے اننگز شروع کی اور 93 رنز کی شراکت قائم کی۔
آؤٹ ہونے والے پہلے پاکستانی بلے باز سمیع اسلم تھے جو اپنے کریئر کی چوتھی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد گیبریئل کی گیند پر کیچ ہوئے۔
دوسری اننگز کے دوران 23 کے سکور پر اظہر علی کو امپائر نے ایل بی ڈبلیو قرار دیا تاہم ریویو میں تھرڈ امپائر نے یہ فیصلہ غلط قرار دیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایک ہی رن بعد سمیع اسلم کو بھی امپائر نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ دیا تاہم ریویو میں یہ فیصلہ بھی پاکستان کے حق میں آیا۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی ٹیم کھیل کے دوسرے سیشن میں اپنی پہلی اننگز میں 224 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں پاکستان کو پہلی اننگز میں 228 رنز کی برتری ملی۔
اتوار کو میچ کے تیسرے دن کے کھیل کا آغاز ہوا تو راحت علی نے پاکستان کو پانچویں کامیابی اس وقت دلائی جب ان کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد نے جرمین بلیک وڈ کو کیچ کر لیا۔
سہیل خان نے نائٹ واچ مین بشو کو 20 رنز پر بولڈ کر کے پاکستان کو چھٹی کامیابی دلوائی جبکہ ساتویں اور آٹھویں وکٹ یاسر شاہ کے حصے میں آئی۔
نویں ویسٹ انڈین بلے باز کو پھر سہیل خان نے آؤٹ کیا جبکہ آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی شینن گیبریئل تھے جنھیں یاسر شاہ کی گیند پر سہیل خان نے ہی کیچ کیا۔
یاسر شاہ چار وکٹوں کے ساتھ پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ راحت علی نے تین اور سہیل خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے ان فارم بلے باز ڈیرن براوو 47 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بلے باز رہے جبکہ جیسن ہولڈر نے اننگز کے آخر میں 31 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔
پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 452 رنز بنائے تھے۔ اس اننگز کی خاص بات یونس خان کی عمدہ سنچری تھی۔ انھوں نے دس چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 127 رنز بنائے۔
خیال رہے کہ پاکستان کو اس ٹیسٹ سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
دبئی میں کھیلے گئے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 56 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔