ابوظہبی ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز مشکلات کا شکار

ابوظہبی میں پاکستان کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے اپنی پہلی اننگز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنا لیے۔

جب کھیل ختم ہوا تو کریز پر نائٹ واچ مین بشو اور جرمین بلیک وڈ موجود تھے۔

ویسٹ انڈیز کو پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 346 رنز کی ضرورت ہے اور اس کی چھ وکٹیں باقی ہیں۔

سنیچر کو ویسٹ انڈیز کی جانب سے لیون جانسن اور ڈیرن براوو نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 27 رنز بنائے۔

اس موقع پر راحت علی نے پاکستان کو پہلی کامیابی دلوائی۔ آؤٹ ہونے والے کھلاڑی لیون جانسن تھے جو 12 رنز کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کے لیے دوسری وکٹ یاسر شاہ نے ان فارم بلے بلے باز براوو کو آؤٹ کر کے حاصل کی جو سات رنز کی کمی سے نصف سنچری مکمل نہ کر سکے۔

پاکستان کو تیسری کامیابی راحت علی نے دلوائی جب انھوں نے مارلن سیموئلز کو 30 رنز پر سمیع اسلم کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔

ویسٹ انڈیز کو اگلے ہی اوور میں چوتھا نقصان اٹھانا پڑا جب بریتھ ویٹ 21 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔

اس سے پہلے پاکستان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 452 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

پاکستان کی اننگز کی خاص بات یونس خان کی عمدہ سنچری تھی۔ انھوں نے دس چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 127 رنز بنائے۔

کپتان مصباح الحق اپنی سنچری مکمل نہ کر پائے اور 96 رنز پر آؤٹ ہوئے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے گیبرئل نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

خیال رہے کہ پاکستان کو اس ٹیسٹ سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

دبئی میں کھیلے گئے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 56 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔

ابوظہبی میں پاکستانی ٹیم اب تک ٹیسٹ میچوں میں ناقابل شکست رہی ہے۔ اس نے اس میدان میں آٹھ ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں جن میں سے چار جیتے اور چار ڈرا ہوئے ہیں۔

پاکستانی ٹیم کا ملک سے باہر یہ 250 واں ٹیسٹ میچ ہے۔ اس نے اب تک کھیلے گئے 249 ٹیسٹ میچوں میں 73 جیتے ہیں 91 میں اسے شکست ہوئی ہے اور85 ڈرا ہوئے ہیں۔