پاکستانی فٹ بال ٹیم کی سٹرائیکر شاہ لائلہ احمد زئی بلوچ کار حادثے میں انتقال کر گئیں

،تصویر کا ذریعہShahlyla Baloch Facebook
پاکستان ویمن فٹ بال ٹیم کی کھلاڑی شاہ لائلہ احمد زئی بلوچ بدھ کی رات ایک کار حادثے میں انتقال کر گئیں۔
شاہ لائلہ بلوچ کی گاڑی کو حادثہ کراچی کے علاقے دو دریا میں پیش آیا۔
اطلاعات کے مطابق 20 سالہ شاہ لائلہ بلوچ کی میت کو تدفین کے لیے قلات لے جایا جائے گا۔
مارچ 1996 میں پیدا ہونے والی شاہ لائلہ پاکستان کی قومی ویمن فٹ بال ٹیم اور بلوچستان کی صوبائی ویمن فٹبال ٹیم کی بہترین سٹرائیکرز میں سے ایک تھیں۔
شاہ لائلہ نے سات برس کی عمر میں فٹ بال کھیلنا شروع کیا اور فیفا کی جانب سے کم عمر ترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کیا۔
ایک یوتھ میگزین کو دیے گئے انٹرویو میں شاہ لائلہ نے بتایا تھا کہ انھیں 2009، 2011 اور 2013 میں پاکستان کی بہترین فٹ بال کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

،تصویر کا ذریعہShahlyla Baloch Facebook
انھوں نے اسلام آباد میں 2014 میں ہونے والے ساؤتھ ایشین فٹ بال فیڈریشن ویمن فٹ بال چیمپیئن شپ میں ملک کی نمائندگی کی۔
ان کی بہن راحیلہ زرمین بھی پاکستان کی فٹ بال ٹیم سےبحیثیت مینیجر منسلک ہیں۔ ان کی والدہ سینیٹر روبینہ عرفان پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) ویمن ونگ کی چیئرپرسن رہ چکی ہیں جبکہ شاہ لائلہ کے والد بھی صوبائی وزیر رہ چکے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پاکستان کی قومی فٹ بال ٹیم کی ایک کھلاڑی ندا اعوان نے بی بی سی اردو کی شمائلہ خان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں ہونے کے ساتھ ساتھ شاہ لائلہ احمد زئی ان کی بہت اچھی دوست بھی تھیں۔
’ٹیم میں سب سے مسکراتی اور شرارتی کھلاڑی شاہ لائلہ احمد زئی ہی تھیں۔ ان کی سب سے دوستی تھی اور وہ سب کا خیال رکھتی تھیں۔‘
انھوں نے مزید کہا ’شاہ لائلہ احمد زئی پاکستان کی قومی فٹ بال ٹیم کی بہترین کھلاڑی تھیں۔‘







