کولکتہ: دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میں پجارا اور ریہانے کی پراعتماد بلے بازی

پجارا

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنچیتیشور پجارا نے 17 چوکوں کی مدد سے 87 رنز کی اننگز کھیلی

نیوزی لینڈ اور انڈیا کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز کے دوسرے کرکٹ میچ میں چیتیشور پجارا اور اجنکیا ریہانے کی عمدہ بلے بازی کی بدولت انڈین ٹیم قابلِ ذکر سکور تک پہنچنے میں کامیاب رہی ہے۔

جمعے کو کھیل کے اختتام پر انڈیا نے اپنی پہلی اننگز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنائے۔

مغربی بنگال کے شہر کولکتہ کے ایڈن گارڈنز سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تاہم اسے آغاز میں ہی نقصان اٹھانا پڑا۔

دوسرے ہی اوور میں انڈین ٹیم کی پہلی وکٹ اس وقت گری جب میٹ ہینری نے اوپنر شیکھر دھون کو ایک رن پر بولڈ کر دیا۔

انڈیا کی دوسری وکٹ 28 کے سکور پر گری جب دوسرے اوپنر مرلی وجے بھی صرف نو رنز بنانے کے بعد ہنری کی گیند پر کیچ ہو گئے۔

وراٹ کوہلی بھی صرف نو رنز ہی بنا سکے اور بولٹ کی گیند پر لیتھم کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔

اس موقع پر اجنکیا ریہانے اور چیتیشور پجارا نے ٹیم کو سہارا دیا اور چوتھی وکٹ کے لیے 141 رنز کی شراکت قائم کی۔

اس شراکت کو ویگنر نے پجارا کو 87 کے سکور پر پویلین بھیج کر توڑا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم کے کھلاڑی

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنراس ٹیلر اور ٹام لیتھم

ریہانے نے 77 رنز کی اننگز کھیلی اور انھیں جیتن پٹیل نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ جیتن نے ہی روہت شرما کو کیچ کروایا جو صرف دو رن بنا سکے۔

انڈیا کے آؤٹ ہونے والے ساتویں بلے باز ایشون تھے جو 26 رنز بنانے کے بعد ہنری کی تیسری وکٹ بنے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم کے ریگولر کپتان کین ولیمسن علالت کے سبب اس میچ میں نہیں کھیل رہے ہیں اور ان کی جگہ راس ٹیلر کپتانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

انڈیا نے اس میچ کے لیے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔ کے ایل راہل کی جگہ شیکھر دھون کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ امیش یادو نے بھونیشور کمار کی جگہ لی ہے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم میں میٹ ہینری، ہینری نکولس اور جیتن پٹیل کو شامل کیا گیا ہے۔

تین میچوں کی سیریز میں اس وقت انڈیا کو ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔

کانپور میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں انڈیا نے 197 رنز سے کامیابی حاصل کر کے سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی تھی۔