بوئنگ کمپینی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ مستقل قریب میں برطانوی شہری پلاسٹک کے طیاروں میں سفر کیا کریں گے۔ کمپنی کے صدر ایلن مولیلے کا کہنا ہے کہ اب 737 ماڈل کے تمام طیارے غیر دھاتی مواد سےبنائے جائیں گے۔بڑے طیارے بنانے میں شہرت رکھنے والی امریکی کمپنی کے سربراہ نے فارن بورو کے نام سے ہونے والی طیاروں کی نمائش سے قبل کہا ہے کہ مستقبل میں طیارے پلاسٹک مرکب سے اس لیئے بنائے جائیں گے کیونکہ یہ مرکب پگھلتا یا تحلیل نہیں ہوتا۔ طیاروں کی فارن بورو نامی نمائش پیر سے شروع ہو رہی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق ہر سال لاکھوں سیاح 737 طیاروں میں سفر کرتے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اب طیارہ سازی کے لیئے جو پلاسٹک کا آمیزہ استعمال کیا جائے گا وہ دو سے زائد دھاتوں کا مرکب ہو گا۔ ماہرین کے مطابق یہ مرکب اس وقت بھی ٹینس ریکٹوں اور سائیکل کے پہیّوں میں استعمال ہونے والے تاروں کی تیاری میں استعمال کیا جاتا ہے۔ توقع ہے کہ نئے پلاسٹک مرکب سے تیار کیا جانے والا امریکی کمپنی کا پہلا طیارہ 787 آئندہ سال کے دورن کسی وقت پہلی پرواز کرے گا اور اس کے مختلف حصوں کی تیاری شروع ہو چکی ہے۔ ایلن مولیلے کا کہنا ہے کہ مستقبل میں اس مرکب کو دوسرے طیاروں کے پرزوں کی تیاری میں بھی استعمال کیا جائے گا۔ |