 |  یہ بندر درختوں پر رہتا ہے اور بیبون(baboon) کے خاندان سے تعلق رکھتا ہے۔ |
ماہرین نے تنزانیہ کے جنوب میں پہاڑوں میں بندروں کی ایک نئی قسم دریافت کی ہے جو اس سے پہلے نہیں دیکھی گئی تھی۔ کہا گیا ہے کہ یہ جانور ناپید ہونے کے خطرے سے دو چار ہے اور اس قسم کے صرف ایک ہزار بندر موجود ہیں۔ یہ بندر درختوں پر رہتا ہے اور بیبون(baboon) کے خاندان سے تعلق رکھتا ہے۔ بندروں کی نئی قسم کی دریافت کے بارے میں جمعرات کو سائنس نامی جریدے میں انکشاف کیا گیا۔  |  سائنسدانوں کے پاس نئی دریافت کے بارے میں ٹھوس شواہد ہیں | مذکورہ بندروں کو پہلے دیکھنے والے سائنسدانوں میں شامل ٹام بوٹنسکی نے کہا کہ نئی قسم کا پتہ چلانے کا ایک زبردست احساس ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’آپ کے چہرے پر ایک بڑی سی مسکراہٹ آ جاتی ہے اور آپ کہتے ہیں کہ واہ‘۔ ڈاکٹر بوٹنسکی ایک امریکی ٹیم میں شامل تھے۔ انہیں نہیں معلوم تھا کہ ان سے چند سو کلومیٹر کے فاصلے پر تنزانیہ میں ہی ایک اور ٹیم بھی اس بندر کی تلاش میں تھی۔ دوسری ٹیم کو شکاریوں سے جنگل میں بندروں کی ایک نامعلوم قسم کی اطلاع ملی تھی جسے مقامی لوگ کپونجی کہتے تھے۔ ڈاکٹر بوٹنسکی نے بتایا کہ یہ بندر ہزاروں سال سے وہاں موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس دریافت سے معلوم ہوتا ہے کہ ابھی تنزانیہ اور خاص طور پر افریقہ کے دور افتادہ علاقوں کے بارے میں کتنا کچھ جاننے کی ضرورت ہے۔ |