ہوائی سفر سے ماحولیاتی تباہی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
حال ہی میں کیے گئے ایک سائنسی مطالعہ میں کہا گیا ہے کہ ہوائی سفر کی مانگ میں اضافہ دنیا کو درپیش سخت ترین ماحولیاتی خطرات میں شامل ہے۔ یارک یونیورسٹی کے سٹاک ہوم انسٹیٹیوٹ کی پیر کو شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہوائی اڈوں کی توسیع کے سرکاری منصوبے گرین ہاؤس گیسوں کو کم کرنے کے ہدف سے متصادم ہیں۔
رپورٹ تیار کرنے والے محقق پروفیسر جان وائٹ لیگ اور ہاورڈ کیمبرج کا کہنا ہے کہ ہوائی جہاز سے خارج ہونے والی گیسوں سے فضائی آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ تحقیق کے مطابق دنیا بھر میں فضائی کمپنیاں تیس کروڑ ٹن گرین ہاؤس گیسوں کی ذمہ دار ہیں اور اس مقدار میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ رپورٹ میں اس بات پر حیرت کا اظہار کیا گیا ہے کہ اس صورتحال کے باوجود ہوابازی کو ماحول کے بارے میں کیوٹو معاہدے سے باہر رکھا گیا ہے۔ رپورٹ میں ماہرین نے مختصر فاصلے کی پروازوں میں اضافے پر سخت تنقید کی ہے۔ انسٹیٹیوٹ کے مطابق یورپ میں پینتالیس فیصد پروازیں ساڑھے تین سو کلومیٹر سے کم فاصلے کی ہوتی ہیں۔ انہوں نے تجویز کیا ہے یورپ مسافروں کو مختصر سفر کے لیے ریل گاڑی پر سفر کرنے کی طرف مائل کرے۔ محققین کا کہنا ہے کہ فضائی کمپنیوں کو چاہیے کہ ہوائی جہازوں سے ماحول کو پہنچنے والے نقصان کے برابر معاوضہ ادا کریں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ اور یورپی ممالک ہوا بازی میں توسیع کی انتہائی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس ضمن میں برطانیہ اور یورپی ممالک کی حکومتوں کی جانب سے آئندہ تیس برس کے دوران متعدد اقدامات کرنے کی تجاویز پیش کی گئیں ہیں جن میں ہوا بازی کے لیے استعمال ہونے والے ایندھن پر عائد ٹیکس ختم کرنا بھی شامل ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پچاس فیصد مسافروں کو ہوائی اڈوں تک پہنچنے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنی چاہیے اور چار سو میل سے کم مسافت ہوائی جہاز کے بجائے ریل سے طے کرنی چاہیے جس کے باعث پروازوں میں پینتالیس فیصد تک کمی آ جائے گی۔ کاروبار کے سلسلے میں کیے جانے سفر کے مقابلے میں وڈیو کانفرنسنگ جیسی ٹیکنالوجی کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تمام ہوائی اڈوں کو صنعتی یونٹ سمجھا جائے جہاں سے ناموافق گیسوں کے اخراج پر کنٹرول ہونا چاہیے۔ پروفیسر وائٹ لیگ کا کہنا ہے کہ ٹیکسوں میں کٹوتی اور ریاستی امداد کے سبب ہوائی سفر میں اضافہ ہوا ہے جو ماحولیاتی پالیسی کے مقاصد کے برعکس ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||