پاکستان: ہوائی اڈوں پر ’ریڈ الرٹ‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
حکومتِ پاکستان نے منگل کے روز ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر ’ریڈ الرٹ، کا حکم جاری کیا ہے۔ ایئر پورٹ سیکورٹی فورس کے کمانڈر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خفیہ اداروں کو معلومات ملی تھی کہ پاکستانی فضائی حدود سے طیارہ اغوا ہونے کا خدشہ ہے جس بنیاد پر گزشتہ ہفتے حکومت نے ہائی الرٹ کیا تھا جبکہ منگل کے روز سخت ترین انتظامات کی آخری حد یعنی ریڈ الرٹ کردیا گیا۔ پاکستان ایئر پورٹ سیکورٹی فورس کے کمانڈر، برگیڈیئر اقبال ستار کے مطابق ریڈ الرٹ کے تحت حفاظتی انتظامات تا حکم ثانی جاری رہیں گے۔ اقبال ستار کے مطابق ریڈ الرٹ انتطامات کی وجہ سے ہوائی اڈوں میں داخلے کے انتہائی ضروری سروسز یا خدمات فراہم کرنے والے افراد کے علاوہ باقی تمام کو جاری کردہ عارضی و مستقل اجازت نامے بھی منسوخ کردیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انتہائی درجے کے حفاظتی انتظامات کے پیش نظر تمام مسافروں کی نہ صرف سخت تلاشی لی جاتی ہے بلکہ ہوائی اڈے کے اندر اور آس پاس میں بھی معمول سے کہیں زائد فورس تعینات کی جاتی ہے۔ انہوں نے مسافروں سے انتظامات کے پیش نظر پیش آنے والی دشواریوں پر معذرت کرتے ہوئے ان سے تعاون کی اپیل بھی کی ہے۔ تاہم پاکستان مسلم لیگ نواز گروپ کے مرکزی انفارمیشن سیکریٹری کا کہنا ہے کہ ریڈ الرٹ کی اصلی وجہ مسلم لیگ کے رہنما شہباز شریف کو پاکستان واپس آنے سے روکنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے انہیں روکنے کی کوئی کوشش کی تو نتائج کی ذمہ داری حکومت پر ہی ہوگی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||