خوبصورت پانڈا کی تعداد میں اضافہ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
دنیا میں ناپید ہونے کے خطرے سے دوچار مشہور جانور پانڈا کی تعداد میں اضافہ کی اطلاعات ملی ہیں۔ خیال ہے کہ پانڈا کی صورتحال اتنی خراب نہیں جتنا کہ اسے سمجھا جا رہا تھا۔ چین کی حکومت نے ’جائنٹ پانڈا‘ کے بارے میں اب تک ہونے والے سب سے بڑے سروے کے بعد اعداد و شمار جاری کئے ہیں جس میں بتایا گیا ہے کہ اس وقت قدرتی ماحول میں رہنے والے پانڈا کی تعداد سولہ سو ہے۔ یہ تعداد پہلے کے مقابلے میں چالیس فیصد زیادہ ہے۔ لیکن ایک خیال یہ بھی ہے کہ عددی بہتری صرف سروے کے مفصل ہونے کی وجہ سے بھی ہو سکتی ہے۔ نمبروں میں اضافے کے بعد بھی یہ نہیں کہا جا سکتا کہ پانڈا کی نسل خطرے سے باہر ہے۔ جنگلات کی کٹائی اور اس کا کاروبار کرنے والے شکاری اس خوبصورت نسل کے لئے بد ستور خطرہ ہیں۔ ماحول کے تحفظ کے لئے کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیم ڈبلیو ڈبلیو ایف چین کے جیمز ہارکنیس نے بتایا کہ سروے کے نئے طریقوں کی وجہ سے ’ہمیں اب زیادہ درست اندازہ ہے کہ قدرتی ماحول میں ان کی تعداد کیا ہے اور ان کی افزائش کے لئے کس قسم کا ماحول چاہیے‘۔ پندرہ سال پہلے تک ماہرین کا خیال تھا کے پانڈا کی نسل ختم ہو جائے گی۔ وہ چین کے نایاب جانوروں کی فہرست میں سب سے اوپر تھے۔ ان کا گھر بانس کے جنگلات تیزی سے ختم ہو رہے تھے اور خیال تھا کہ صرف ہزار کے قریب پانڈا بچے ہوں گے۔ چین میں پانڈا کے لئے چالیس محفوظ مقامات ہیں۔ بیس سال قبل ایسی جگہوں کی تعداد تیرہ تھی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||