| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہزاروں جانوروں اور پودوں کو خطرہ
خاتمے کے خطرے سے دوچار پودوں اور جانوروں کی فہرست میں اس سال مزید دو ہزار ایسے پودوں اور جانوروں کا اضافہ ہوا ہے جن کی اقسام اور نسلوں کے ختم ہو جانے کا خطرہ ہے۔ جانوروں اور پودوں کے بچاؤ اور تحفظ کے لیے کام کرنے والے عالمی ادارے ورلڈ کنزرویشن یونین یا آئی یو سی این کی باقاعدہ جاری کردہ فہرست اب ایسے بارہ ہزار پودوں اور جانوروں پر محیط ہو چکی ہے جن کی اقسام اور نسلیں خاتمے کے خطرے سے دوچار ہیں۔ آئی یو سی این کا کہنا ہے کہ جن جانوروں اور پودوں کو درپیش خطروں میں اضافہ ہوا ہے ان میں سے بیشتر مقامی ہیں اور ان کے لیے یہ خطرے اس لیے پیدا ہوئے ہیں کہ ان میں باہر سے لائے جانے والے جانور یا پودے ملا دیئے گئے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ پانچ سو سال کے دوران سات سو باسٹھ جانوروں کی نسلیں اور پودوں کی اقسام ناپید ہو چکی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال کے دوران خاص طور پر کولمبیا، وینز ویلا اور میکسیکو میں بندروں کی ’ہاولر اور سپائیڈر منکی‘ کہلانے والی نسلوں کے لیے خطرہ بڑھا ہے۔ اس کے علاوہ جنوبی علاقوں میں پائی جانے والی مچھلیوں کی اکیس اقسام بھی ناپید ہونے کے سنگین خطرے سے دوچار بتائی گئی ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||